عیسائی بن چکے آدیواسی خاندانوں کی گھر واپسی

بانکا ، 11 نومبر ( نمائندہ ) بانکا کے سانجھوتری – راجا پوکھر میں منعقد 5 روزہ رودراکچھ مہا بھیشیک کے آخری دن یعنی جمعہ کو قبل میں عیسائی مذہب اپنا چکے 153 آدیواسیوں نے پھر سے ہندو مذہب میں واپسی کی ۔اس دوران واپس ہندو مذہب اپنارہے ان آدیواسی خاندانوںکو بھگوا کپڑا پہناکر واپسی کرائی گئی۔ اس دوران ان لوگوں نے قریب 3 گھنٹے تک پوجا ارچنا کی۔ دھرم جاگرن کے ریاستی تنظیمی سکریٹری سوبیدار سنگھ نے کھلے منچ سے آدیواسی خاندانوں کی گھر واپسی کا اعلان کیا۔ اس دوران نیمچ کے مہا منڈلیشور سریشا نند ، بہار کے وزیر زراعت ڈاکٹر پریم کمار ، ریونیو محکمہ کے وزیر رام نارائن منڈل ، سابق ایم پی پتل کماری سمیت بڑی تعداد میں سادھو سنت و آر ایس ایس پرچارک اور ہزاروں کی بھیڑ موجود تھی ۔ اس پروگرام کے انعقاد سمیتی چیف سوبیدار اور راما شنکر نے بتایا کہ دھر م جاگرن نے اس علاقہ میں تبدیلی مذہب کے بڑھتے اثرات کو دیکھتے ہوئے رودراکچھ ابھیشیک کرایا۔