اہلیہ سے علیحدگی زندگی کی سب سے بڑی غلطی:عامر

لندن ، 19 نومبر (یو این آئی) برطانوی نژاد پاکستانی باکسرعامر خان نے اپنی اہلیہ فریال مخدوم سے لڑائی اور علیحدگی کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قراردیدیا۔ گزشتہ ایک برس سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے میڈیا کو اپنے گھریلو جھگڑوں اورعلیحدگی سے پریشانی میں مبتلا رکھنے والے باکسر عامر خان نے اپنی اہلیہ فریال مخدوم سے علیحدگی کو زندگی کی سب سے بڑی ‘غلطی’ قراردیدیا۔ عامر خان اور ان کی اہلیہ نے اپنے جھگڑوں کو سوشل میڈیا پر ڈال کر ازخود پوری دنیا کو اپنے گھریلو معاملات میں شامل کرلیا تھا۔ دو ماہ پہلے عامر خان نے لڑائی جھگڑوں سے تنگ آکر اپنی اہلیہ سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔ تاہم فریال عامر سے علیحدگی نہیں چاہتی تھیں جس کا اظہارانہوں نے کئی بار سوشل میڈیا پر بھی کیا اور عامر اور ان کے گھر والوں سے معافی بھی مانگی لیکن عامر ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں تھے اور انہوں نے اشارہ دیدیا تھا کہ اب یہ رشتہ مزیدآگے نہیں بڑھ سکتا۔ جب سب لوگوں کو یقین ہوگیا کہ عامرخان اورفریال مخدوم اب کبھی ایک نہیں ہوں گے ٹھیک اسی وقت عامر خان نے اپنے اوراپنی اہلیہ کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہونے کی نوید سنادی۔ ان کی جانب سے کیا جانے والا یہ اعلان کہ ان کے اور فریال کے درمیان صلح ہوگئی ہے کسی دھماکے سے کم نہ تھا اوراب انہوں نے بین الاقوامی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے اورفریال کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہونے کی تصدیق کردی ہے ۔