کھیل

صبا کریم کوبورڈ میں کرکٹ آپریشن کے جنرل منیجر کاعہدہ

Written by Taasir Newspaper

نئی دہلی، 23 دسمبر (یواین آئی) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے سابق کرکٹر صبا کریم کو کرکٹ آپریشنز کیلئے بورڈ میں جنرل منیجر کے عہدے پر مقرر کیا ہے ۔ ان کی مدت کار آئندہ سال 2018 میں یکم جنوری سے شروع ہوگی۔ بی سی سی آئی نے سنیچر کو اس کی اطلاع دی۔ صبا اس عہدے پر فائز رہ کر کرکٹ شعبے کو حکمت عملی کے تحت ہدایات دینے ، آپریشن کی منصوبہ بندی کو نافذ کرنے ، بجٹ طے کرنے ، میچ کے قوانین کو نافذ کرنے کے سلسلے میں نگرانی، میچ کے جائے انعقاد کی حالت اور معیار کا تعین اور گھریلو پروگراموں کی انتظامیہ کی نگرانی کرنے کی ذمہ داریاں ادا کریں گے ۔ صبا اپنا عہدہ یکم جنوری سے سنبھالیں گے اور بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راہل جوہری کو رپورٹ پیش کریں گے اور بورڈ کی حکمت عملی اور اس کی منصوبہ بندی کو نافذ کرنے میں ان کی مدد کریں گے ۔ سابق ہندوستانی کرکٹر صبا کریم ہندوستانی ٹیم میں ایک ٹیسٹ اور 34 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں۔ اپنے 18 سال کے کیریئر میں وکٹ کیپر بلے باز نے کیریئر میں 120 فرسٹ کلاس میچ اور 120 لسٹ اے میچوں میں بھی کھیلا ۔ گھریلو کرکٹ میں انہوں نے 56.66 کی اوسط سے 22 سنچری اور 33 نصف سنچری بھی بنائی اور اپنی گھریلو ٹیموں بہار اور پھر بنگال کی جانب سے 7000 فرسٹ کلاس رن بنائے ۔ بنگلہ دیش میں ایشیا کپ میں ان کی آنکھ میں شدید چوٹ کی وجہ سے ان کا کریئر متاثر ہوا تھا۔ صبا کو سال 2012 میں ایسٹ زون کا قومی سلیکٹر بھی منتخب کیا گیا تھا. لیکن وہ بطور کمنٹیٹر کافی مقبول ہوئے اور اب بی سی سی آئی میں انہیں اہم ذمہ داری دی گئی ہے ۔

About the author

Taasir Newspaper