آئی سی سی کے کیلنڈر میں واحد لیگ آئی پی ایل

دہلی، 13 دسمبر (یواین آئی) دنیا کی مقبول اور سب سے زیادہ کمائی والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو اب بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی اپنی منظوری دے دی ہے اور سال 2019 سے 2023 کے اپنے مستقبل ٹور پروگرام (FTP) میں اسے شامل کیا ہے جو عالمی ادارے کے کیلنڈر میں واحد گھریلو لیگ ہے ۔ آئی سی سی کے انٹرنیشنل کیلنڈر میں جگہ پانے والا آئی پی ایل واحد گھریلو ٹوئنٹی 20 لیگ ہے جس کا مطلب ہے کہ ہر سال اپریل سے مئی کے درمیان دو ماہ تک ہندوستان میں ہونے والی اس لیگ کے دوران باقی بین الاقوامی کرکٹ سرگرمیاں بڑے پیمانے پر نہیں رہیں گی۔ سال 2008 میں آئی پی ایل کی شروعات سے ہی اس میں دنیا بھر کے کھلاڑیوں کی دلچسپی رہی ہے اور عالمی سطح پر اس کی مقبولیت کی وجہ سے اس کی آمدنی میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے ۔پاکستان کے علاوہ دنیا بھر کی تمام ٹیموں کے بڑے کھلاڑی اس لیگ کا حصہ ہیں۔ آئی سی سی نے اپنے پروگرام میں 2019 سے 2023 کے درمیان عالمی کپ، چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ ٹوئنٹی 20 کے ساتھ اس آئی پی ایل کے دو ماہ کے پروگرام کو بھی کیلنڈر میں شامل کیا ہے ۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کو آئی سی سی نے اپنا جو ایف ٹی پی دیا ہے اس میں سالانہ ہونے والے آئی پی ایل کے مارچ سے مئی کے آخر تک ہونے والے میچوں کی تاریخوں کو بھی جگہ دی گئی ہے ۔ ویسے آئی سی سی نے ایک طرح سے اسے صرف منظوری ہی دی ہے جبکہ اس سے گزشتہ پانچ سیشن میں اس نے آئی پی ایل کے دوران بڑی بین الاقوامی سیریز منعقد ہی نہیں کی ہے ۔ گزشتہ 10 سال کے عرصے میں آئی پی ایل کرکٹ میں بااثر لیگ میں شمار ہوا ہے اور غیر ملکی کھلاڑی اس میں حصہ لینے کے لئے کافی دلچسپی لیتے ہیں۔ اگرچہ آئی سی سی نے بین الاقوامی کیلنڈر میں اس سے پہلے تک آئی پی ایل کو خصوصی ٹورنامنٹ کی طرح جگہ نہیں دی کیونکہ اس کے علاوہ دنیا بھر میں بہت سے ٹوئنٹ¸ 20 لیگ کھیلی جارہی ہیں جنہیں منظوری دینے کا سوال اٹھ سکتا ہے ۔ آئی سی سی کی سنگاپور میں اس مہینے ہوئی ورکشاپ میں بھی نئے ایف ٹی پی پر تمام ممبران نے مہر لگائی تھی جس میں اپریل سے مئی کے درمیان وقت کو خالی چھوڑا گیا تھا۔پروگرام کے مطابق آئی پی ایل کا 2018 میں اگلا ایڈیشن چار اپریل سے 27 مئی تک چلے گا۔ باقی پانچ سالہ پروگرام کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔ سال 2019 میں آئی پی ایل تین اپریل، 2020 میں یکم اپریل، 2021 میں 31 مارچ، 2022 میں 30 مارچ اور 2023 میں 28 مئی سے شروع ھوگا اور مئی کے آخر میں ختم ہو گا۔ آئی سی سی نے اس پانچ سال کے پروگرام میں بین الاقوامی ٹورنامنٹوں کی تاریخوں بھی طے کی ہیں جس کے حساب سے 2019 عالمی کپ انگلینڈ میں آئی پی ایل کے چار دن بعد 30 مئی سے شروع ہو جائے گا۔ نئے ایف ٹی پی کے مطابق ہندوستان کی میزبانی میں سال 2021 میں چیمپئنز ٹرافی اور 2023 میں عالمی کپ کھیلا جائے گا۔ وہیں ایشیا کپ کے اگلے تین ایڈیشن کو بھی طے پروگرام دیا گیا ہے ۔ اگرچہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ہندوستانی ٹیم آئی پی ایل سے 15 دن پہلے یا بعد میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیل سکتی ہے ۔ ایسے میں آئی سی سی کیلنڈر کے حساب سے بی سی سی آئی کو عدالت کے سامنے اس معاملے کو حل کرنا ہوگا۔