آسٹریلیا نے 3صفر کی فیصلہ کن برتری کے ساتھ ایشز سیریز اپنے نام کیا

،18دسمبر (آئی این ایس انڈیا/ یواین آئی) آسٹریلیا نے تیسرا ایشز ٹیسٹ اننگز اور 41رنز سے جیت کر 5ٹیسٹ کی سیریز میں تین صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔پرتھ ٹیسٹ کے پانچویں دن کا کھیل بارش کے باعث متاثر ہوا تاہم جب کھیل شروع ہوا تو انگلش ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا رہا اور اس بلے باز میچ بچانے میں ناکام رہے، یوں پوری ٹیم دوسری اننگز میں 218 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 662 رنز 9 کھلاڑی آوٹ پر ڈکلئیر کردی تھی جب کہ مہمان انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن آسٹریلیا کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پہلی اننگز میں 403 اور دوسری میں 218 رنز ہی بناسکی۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز ونس 55 اور ڈیوڈ ملان 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں السٹرل کک 14، اسٹون مین 3، کپتان جوئے روٹ اور جونی برسٹو 14،14، معین علی 11، کرس ووکس 22، کریگ اوور ٹن 12 اور اسٹیورٹ براڈ بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوش ہیزلی ووڈ نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نیتھن لیون اور پیٹ کمنز نے 2،2 اور مچل اسٹارک نے ایک شکار کیا۔ادھرآسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میں ملی شاندار جیت اور اسی کے ساتھ ایشیز سیریز میں 3۔0 سے ملی ناقابل تسخیر برتری کا کریڈٹ اپنے گیند بازوں کو دیا ہے ۔ آسٹریلیا نے فاسٹ بولر جوش ہیزل وڈ کے پانچ وکٹ کی بدولت پیر کو انگلینڈ کو اننگز اور 41 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی ایشز سیریز میں 3۔0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔ ہیزل وڈ نے دوسری اننگز میں 18 اوور میں 48 رن پر سب سے زیادہ پانچ وکٹ حاصل کئے ۔ اسمتھ نے میچ کے بعد صحافیوں کو بتایاکہ گیند بازوں نے پوری سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔مجھے لگتا ہے کہ ہیزل وڈ نے آج کافی اچھی گیند بازی کی اور پانچ وکٹ نکالے ۔ آسٹریلیا نے واکا کرکٹ گرا¶نڈ پر انگلینڈ ٹیم کی دوسری اننگز 72.5 اوور میں 218 رنز پر ڈھیر کرتے ہوئے چائے کے وقفہ سے پہلے ہی جیت اپنے نام کر لی۔ کپتان نے کہاکہ کپتان کے طور پر ایشز جیتنا بہت شاندار تجربہ ہے ۔اس سیریز کے لئے ہم نے سخت محنت کی تھی۔یقینی طور پر اس جیت سے میں بہت پرجوش ہوں۔ وہیں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے شاندار کارکردگی کے لئے آسٹریلیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیریز میں اب تک کافی اچھی کارکردگی ہے ۔روٹ نے کہاکہ انہوں نے تینوں میچوں میں کافی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔میلبورن جانے سے پہلے ہمیں اپنی تیاری یقینی بنانی ہوگی اور وہاں اچھا مظاہرہ کرنا ہو گا ۔