اسرائیلی پولیس کے ہاتھوں مسجدا قصیٰ سے تین ترک شہری گرفتار

مقبوضہ یروشلم 24 دسمبر (آئی این ایس انڈیا )قابض اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کرنے والے تین ترک سیاحوں کوحراست میں لیا ہے جن سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ آج انہیں عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔اسرائیلی پولیس کے ترجمان میکی روزنفیلڈ خبر رساں ادارے’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ پولیس نے تین ترک باشندوں کو پرانے بیت المقدس میں بدنظمی پھیلانے ، پولیس اہلکاروں سے الجھنے اور ان سے مزاحمت کرنے کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔عینی شاہدین اور اخباری ذرائع کے مطابق ترک شہریوں نےایسے کپڑے پہن رکھے تھےجن پر ترکی کے پرچم بنائے گئے تھے۔قبل ازیں ترک خبر رساں ایجنسی ’اناطولیہ‘ نے ایک خبر میں بتایا تھا کہ مسجد اقصیٰ سے گرفتار کیے گئے تین ترک باشندوں میں سے دو ترکی اور بیلجیم کی شہریت رکھتے ہیں۔ انہیں پولیس سے الجھنے، غیرقانونی مظاہرہ کرنے اور نظام عام میں خلل ڈالنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔