امریکہ امن عمل کی سرپرستی کا اہل نہیں رہا : محمود عباس

مقبوضہ یروشلم9دسمبر (آئی این ایس انڈیا ) فلسطینی صدر محمود عباس نے باور کرایا ہے کہ امریکہ اب فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان امن عمل کی سر پرستی کا اہل نہیں رہا۔ فلسطینی صدر کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کے جواب میں سامنے آیا ہے۔جمعے کے روز جاری ایک بیان میں عباس نے کہا کہ ’ہم بیت المقدس کے حوالے سے امریکی موقف کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہیں۔ اس موقف کے ساتھ امریکہ کسی طور بھی امن عمل کی سرپرستی اور نگرانی کرنے کے قابل نہیں رہا‘۔محمود عباس نے عالمی برادری کی جانب سے متفقہ طور پر مذکورہ امریکی فیصلے کی مذمّت کا خیر مقدم کیا۔ جمعے کی شام امریکی فیصلے پر بحث کے لیے سلامتی کونسل کے اجلاس میں یہ مذمّت واضح طور پر دیکھنے میں آئی۔عباس نے زور دے کر کہا کہ امریکی فیصلے کو مسترد کرنے کے حوالے سے عالمی برادری کا اتفاقِ رائے فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کے مسئلے کے منصفانہ فیصلے کی حمایت کے لیے بھرپور پیغام کی حیثیت رکھتا ہے۔فلسطینی صدر نے باور کرایا کہ وہ اس فیصلے کا راستہ روکنے کے لیے اپنی کوششوں اور رابطوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔