دبئی ،3دسمبر ( آئی این ایس انڈیا) امریکی مرکزی انٹیلیجنس ایجنسی CIA کے سربراہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایرانی پاسداران انقلاب کی قُدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی اورایرانی قیادت کو ایک خط بھیجا ہے جس میں عراق میں ایران کے بڑھتے ہوئے خطرناک برتا¶ پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ پومپیو کے مطابق یہ خط ایک سینئر ایرانی عسکری کمانڈر کے اس بیان کے بعد بھیجا گیا جس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ اس کمانڈر کے زیر تعمیل فورسز عراق میں امریکی فوج کو حملوں کا نشانہ بنا سکتی ہیں۔پومپیو کا مزید کہنا تھا کہ خط میں یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ عراق میں ایران کے زیرِ کنٹرول فورسز کی جانب سے امریکی مفادات پر کسی بھی حملے کی ذمے داری اس کمانڈر اور ایران پر عائد ہو گی۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ مذکورہ کمانڈر اور ایرانی قیادت اس بات کو اچھی طرح سے سمجھ لیں۔رواں برس جنوری میں امریکی انٹیلیجنس کی قیادت سنبھالنے والے مائیک پومپیو نے بتایا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی بیرون ملک کارروائیوں کے نگراں قاسم سلیمانی نے اُن کا خط کھولنے سے انکار کر دیا۔