انصاف کے ساتھ ترقی کا عمل لگاتار جاری رہے گا:نتیش

نوادہ 30 دسمبر (تاثیربیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج ترقیاتی کاموں کی سمیکشا یاترا کے دوران نوادہ ضلع کے صدر بلاک کے پونگرا پنچایت کے منگرو مہادلت ٹولے کا دورہ کیا ۔ دورے کے دوران 7 عزائم منصوبے کے تحت چل رہے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر شجرکاری بھی کی اور زیرتعمیرمویشی شیڈ اور مرغی شیڈ کے بارے میں بھی لوگوں کی رائے معلوم کی۔ بعد میں منگرو کرشی فارم میدان میں منعقد ایک جلسے میں وزیراعلیٰ نے 175 کروڑ روپئے کے 199 منصوبوں کا ریموٹ سے سنگ بنیاد اور افتتاح کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کڑاکے کی سردی میں بھی اتنی بڑی تعداد میںآپ لوگوں کی حاضری کیلئے میں آپ سب کا شکرگزار ہوں۔ آج ترقیاتی کاموں کے جائزے کے دوران مجھے نوادہ ضلع کے منگرو گاﺅں میں آنے کا موقع ملا ہے۔ پہلے سے یہاں ترقیاتی کام چل رہے ہیں۔ زرعی شعبے کیلئے حال ہی میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے تیسرا روڈمیپ جاری کیا ہے۔ ہم لوگ گاﺅں کو سڑکوں سے جوڑ رہے ہیں۔ کئی بڑے گاﺅں ایسے ہوتے ہیں جن کے ٹولے بھی ہوتے ہیں۔ اس میں زیادہ تر سماج کے کمزور طبقے کے لوگ رہتے ہیں، ان کو بھی ٹولہ نشچے یوجنا کے تحت پختہ سڑک سے جوڑاجائے گا۔گاﺅں کے اندر کی گلیوں کی پختہ کاری کیلئے بھی 7 عزائم منصوبے کے تحت پنچایت اور وارڈ کے ذریعہ نالیوں اور گلیوںکوپختہ کیا جائے گا۔ گاﺅں میں لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں بھی نل کا صاف پانی پینے کو ملے۔ ہم لوگ اسے یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے ساتھ ترقی کا عمل لگاتار جاری رہے گا۔ کوئی کمی نہیں ہوگی، لیکن سماج سدھار ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے خواتین کے مطالبے پر شراب بندی نافذ کی۔لیکن ابھی بھی کچھ لوگ گڑبڑ کررہے ہیں،ایسے لوگوں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ پروگرام کے آغاز میں وزیراعلیٰ کا خیر مقدم گلدستہ اور شال پیش کر کے کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو ککولت پر مبنی ایک علامتی نشان بھی ضلع مجسٹریٹ نے پیش کیا۔