ایشیز سیریز میں شکست کے بعدانگلینڈ کو ایک اور جھٹکا

پرتھ، 9 دسمبر (یو این آئی) آسٹریلیا میں لگاتار دو ایشیز ٹسٹ ہارکر پہلے سے ہی تنقید کا شکار بنی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو اپنے ایک کھلاڑی بین ڈکیٹ کے پرتھ میں مبینہ طور پر شراب پی کر نازیبا سلوک کرنے سے ایک اور جھٹکا لگا ہے ۔ ڈکیٹ کے خلاف اب ڈسپلن شکنی کی جانچ بھی شروع کردی گئی ہے ۔ ڈکیٹ کو، 9 اور 10 دسمبر تک پرتھ میں تیسرے میچ سے قبل کھیلے جارہے پریکٹس میچ کے لئے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ انگلینڈ الیون یہ میچ کرکٹ آسٹریلیا الیون کے ساتھ کھیل رہی ہے لیکن یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد ڈکیٹ کو انگلینڈ کے آخری الیون سے باہر کردیا گیا اور ان کی جگہ جو کلارک کو ٹیم میں شامل کیا گیاہے ۔ انگلینڈ کے لئے چار ٹسٹ کھیل چکے ڈکیٹ آسٹریلیا میں لائنس کے لئے کھیلتے ہیں اور پریکٹس میچ میں انگلینڈ الیون میں شامل کئے گئے تھے ۔ جمعرات کی رات کو ہی شراب سے متعلق ایک واقعہ سامنے آیا تھا جس کے سبب انہیں ٹیم سے باہر کردیا گیا۔ شراب سے متعلق یہ معاملہ پوری طرح صاف نہیں ہے لیکن سمجھا جاتا ہے کہ ڈکیٹ نے ٹیم کے ایک سینئر کھلاڑی پر شراب انڈیل دی تھی۔ حالانکہ اس سے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان لڑائی جھگڑے یا پولیس کی گرفتاری جیسی نوبت نہیں آئی تھی۔ ساتھ ہی انگلینڈ ٹیم کے محافظ بھی اس دوران کھلاڑیوں کے ساتھ موجود تھے لیکن اس معاملے کو ڈکیٹ کے نازیبا رویے سے جوڑ کر دیکھا جارہا ہے ۔ ایشیز سیریز میں 0۔2 سے پیچھے چل رہے انگلینڈ کے دو کھلاڑی جانی بیرسٹو اور بین اسٹورکس پہلے ہی حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ سر سے ٹکر مارنے کے معاملے کی جانچ کے دائرے میں ہیں، ایسے میں وہ ڈکیٹ کے خلاف جانچ کرکے باقی کھلاڑیوں کو بھی ڈسپلن برتنے کا سخت چیلنج دینا چاہتی ہے ۔ یہ بھی مانا جارہا ہے کہ اس معاملے کے بعد نہ صرف ڈکیٹ کے خلاف سخت کارروائی ہوسکتی بلکہ انہیں جلد وطن واپس بھی بھیجاجاسکتا ہے اور مستقبل میں انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنے میں بھی مشکل آسکتی ہے ۔ ڈکیٹ کے خلاف معاملے کی جانچ لاینس کے کوچ اینڈی فلاور اور انگلینڈ کے کوچ ٹریور بولس کریں گے ۔ 23 سالہ ڈکیٹ باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور سال 2016 میں انہیں پی سی اے پلیئر آف دی ایئر اور ینگ پلیئر آف دی ایئر کے انعام سے سرفراز کیا گیا تھا۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ اور ون ڈے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ حالانکہ سال 2015 میں بھی وہ اسی طرح شراب پی کر گاڑی چلانے کے ایک معاملے میں عدالت میں پیش ہوچکے ہیں۔ اس دوران سنیچر سے شروع ہوئے پریکٹس میچ میں انگلینڈ نے پہلی اننگز کا اعلان 9 وکٹ پر 314 رن بناکر دیا تھا جبکہ سی اے الیون نے دن کا کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ پر 62 رن بنائے ۔ تیسرا ٹسٹ پرتھ میں 14 سے 18 دسمبر تک ہوگا۔