بارسلونا نے لا لیگا فٹبال چمپئن شپ میں بنائی برتری

بارسلونا، 18 دسمبر (یو این آئی) بارسلونا نے گھریلو میدان پر ڈرپوٹوو لا کورنا کو 4۔0 سے یکطرفہ انداز میں شکست دیتے ہوئے لا لیگا فٹ بال چمپئن شپ میں چھ پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی ہے ۔بارسلونا کے لئے اس کے اسٹار کھلاڑی لوئیس سواریز اور پولنھو نے دو دو گول کیے اور چمپئنز ریال میڈرڈ کے خلاف اگلے ہفتے ہونے والے مقابلے سے پہلے لا لیگا ٹیبل میں ٹاپ مقام پر اپنی پوزیشن اور مضبوط کر لی۔وہ اب باقی ٹیموں سے براہ راست چھ پوائنٹس کی برتری پر جبکہ ریال سے 11 پوائنٹس آگے ہے ۔ سواریز نے لیونل میسی سے ملے پاس پر 29 ویں منٹ میں گول کرکے بارسلونا کو 1۔0 سے آگے کر دیا جبکہ برازیل کے بین الاقوامی کھلاڑی پولنھو نے 41 ویں منٹ میں دوسرا گول کیا۔ میسی نے اگرچہ ساتھیوں کی مدد کی لیکن وہ گھریلو ناظرین کے سامنے گول کرنے میں ناکام رہے اور اپنے 14 لیگ گولوں میں اضافہ نہیں کر سکے ۔ وہ تین بار گول کرنے کے قریب پہنچے لیکن کامیاب نہیں ہوئے اور ایک بار تو ان کی پنالٹی کو سابق ٹیم ساتھی روبن مارٹنیج نے بچایا۔ سواریز نے پھر تین لیگ میچوں میں اپنا چوتھا گول داغا۔انہوں نے سرجیو روبرٹو کے کراس پر دوسرے ہاف کے دوسرے ہی منٹ میں گول داغ دیا جبکہ پولنھو نے 75 ویں منٹ میں گول کر بارسلونا کو 4۔0 سے یکطرفہ انداز میں جیت دلائی۔ بارسلونا فی الحال ٹیبل میں سب سے زیادہ 42 پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر ہے ۔وہ ایٹلیٹکو میڈرڈ سے چھ پوائنٹس اور تیسرے نمبر کی والنسیا سے آٹھ پوائنٹس کی برتری پر ہے ۔وہ روایتی حریف ریال میڈرڈ سے 11 پوائنٹس کے فرق پر آگے ہے جس کا ابھی ایک میچ باقی ہے ۔ریال کلب ورلڈ کپ میں کھیلنے کی وجہ سے اس ہفتے لیگ میں نہیں کھیلی جہاں اس نے اتوار کو برازیلین گریمیو کو 1۔0 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا تھا ۔ بارسلونا کے کوچ ایرنسٹو والرویدے نے کہا کہ ہمیں ریال کے خلاف اگلے ہفتے میچ کھیلنا ہے اور اس جیت سے ہمارا اعتماد اور مضبوط ہوا ہے ۔ریال جیسی مخالف ٹیم کے خلاف ہمارا میچ مشکل ہوگا اور ہم اسے لے کر بہت پرجوش بھی ہیں۔ابھی ہم چھ پوائنٹس کی برتری پر ہیں لیکن سیزن میں کافی وقت باقی ہے ۔