بندرا نے ٹاپس کمیٹی کے صدر کا عہدہ چھوڑا

نئی دہلی، 23 دسمبر (یو این آئی) بیجنگ اولمپک میں سونے کا تمغہ جیتنے والے نشانے باز ابھینو بندر انے حکومت کی مشہور ٹارگیٹ اولمپک اسکیم (ٹاپس) کمیٹی کے صدر کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے ۔ ملک کے واحد انفرادی اولمپک سونے کے تمغے کے فاتح بندرا نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر پر اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے باقاعدہ طور پر ایک خط میں بتایا ہے کہ وہ اب اپنی پوری توجہ اپنے نجی پروجیکٹ پر لگانا چاہتے ہیں اور ابھینو بندرا ٹارگیٹ پرفامنس سینٹر کو ملک بھر میں کھولیں گے جہاں کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی جائے گی۔ اگر وہ سرکاری عہدے پر قائم رہتے ہیں تو یہ مفادات کے ٹکرا¶ کا معاملہ بھی ہوسکتا ہے ۔ اسٹار نشانے باز نے لکھا ہے کہ نیا سال میرے لئے نئی امیدیں لیکر آرہا ہے اور میں پورے ملک میں بندرا سینٹر کھولنے پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔ میں سرکاری عہدوں سے استعفی دے رہا ہوں جس میں نشانے بازی سپر وائزر اور ٹاپس ایتھلیٹ شناخت کمیٹی کا صدر کا عہدہ بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ہندوستانی کھیلوں کا اس موقع کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میں ایتھلیٹوں کے ساتھ آگے بھی دستیاب رہوں گا۔ بندرا کو اسی برس جنوری میں ٹاپس کمیٹی کا صدر بنایا گیا تھا۔ اس کمیٹی میں رنر پی ٹی اوشا اور سابق بیڈمنٹن کھلاڑی پرکاش پاڈوکون شامل ہیں۔