بہار میں راجندر پرساد اسکالر شپ کا اعلان

پٹنہ 03 دسمبر (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت میٹرک اور انٹر کے طلبا وطالبات کیلئے دیش رتن ڈاکٹر راجندر پرساد اسکالر شپ شروع کرے گی۔ اس کا فائدہ رواں مالی سال سے ہی ملنا شروع ہوجائے گا۔ اتوار کو ڈاکٹر راجندر پرساد کے یوم پیدائش کے موقع پر پٹنہ کے سمراٹ اشوک کنونشن سنٹر واقع گیان بھون میں منعقد پہلے میرٹ ڈے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے یہ اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر میٹرک اورانٹر کے اس سال کے ٹاپرس کو انعامات سے بھی نوازا۔ وزیرتعلیم کرشن نندن پرساد ورما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ راجندر پرساد کے یوم پیدائش کو بطور میرٹ ڈے منانے کا فیصلہ انہوں نے کچھ سال پہلے ہی لیا تھا۔ لیکن اس کا پہلا انعقاد آج ہورہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم مرکزی حکومت سے بھی اپیل کریںگے کہ راجندر بابو کے یوم پیدائش کو پورے ملک میں میرٹ ڈے کے طور پرمنایا جائے ۔ کیونکہ راجندر بابو میرٹ کی علامت تھے۔ماضی میں ملک کے پہلے وزیرتعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر بہار میں یوم تعلیم منانے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ اب مرکزی حکومت بھی اس کا انعقاد کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بنیادی طور پر شروع سے ہی ان کی حکومت نے کام کیا ہے۔ ویسے سبھی اسکولوں کا نظم میری نظر میں اطمینان بخش نہیں ہے۔ ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ تعلیم کے معیار کے بارے میںہمیشہ باتیں ہوتی ہیں۔ تعلیم کے خاکہ کے بارے میں بھی سوچنا چاہئے۔ صرف کتاب پڑھنے سے کام نہیں چلے گا۔ ان سب شعبوں میں کام ہورہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب لوگ پڑھنا چاہتے ہیں۔ کیونکہ جو پڑھے گا وہی آگے بڑھے گا۔ بہار تو گیان کی بھومی رہی ہے۔ بہار کے ہرعلاقے کا پس منظر الگ ہے۔ انہوں نے اس موقع پر انعام یافتہ طلبا کونیک خواہشات اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ بہار اور ملک کا نام روشن کریںگے۔