بیگوسرائے میں مکھیا کے دو بیٹے کا بے رحمانہ قتل ،علاقہ میں سنسنی

بیگوسرائے ،12 دسمبر( نمائندہ ) بھگوان پور تھانہ علاقہ کے رسل پور پنچایت کے مکھیا و بھگوان پور باشندہ سیتا رام مہتو کے دو بیٹوں جتیندر کمار (35)و رام لال (30 )کا قتل سموار کو کردیاگیا ۔ آج صبح میں الگ الگ مقام سے لاش برآمد ہونے کی خبر ملتے ہی علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ مکھیا کے گھر پر سینکڑوں کی تعداد میں تعزیت کو پہنچے لوگ مشتعل ہوکر قاتلوں کی بلا تاخیر گرفتاری کے مطالبے کو لے کر سمسا پپر ا مالتی روڈ کو 8 بجے صبح سے جام کر آمد ورفت کے نظام کو ٹھپ کردیا۔ جانکاری کے مطابق بھگوان پور باشندہ سیتا رام مہتو کے دو بیٹے جتیندر کمار و رام لال کا قتل سموارکی شب میں گھر سے بلاکر کر دیا گیا۔ جتیندر کی لاش تیگھڑا تھانہ علاقہ کے مڈل اسکول رام پور کے پاس و رام لال کی لاش خدا وند پور تھانہ علاقہ کے منجھو ل – روسڑا ایس ایچ 55 کے کنارے ساگی نارائن پور میں اتسو ڈھابہ کے پاس ملی ۔واقعہ کے سلسلے میں متوفی کے والد سیتا رام مہتو نے بتایا کہ رات میں قریب 9.30 بجے کسی شخص نے موبائل پر فون کر گٹی کا روپیہ لینے بلایا ۔ رات ہونے کی وجہ کر رام لال کے ساتھ جتیندر بھی چلا گیا۔ جب 11 بجے تک گھر واپس نہیں آیا تو اس کی اطلاع تھانہ کو دی گئی۔ جتیندر کمار کو ایک سات سالہ بیٹی شیوانی و پانچ سال کا ایک بیٹا دیورا ج کمار ہے۔ جبکہ رام لال کو تین سال کا بیٹا انکش ہے۔ جتیندر کا قتل کسی دھاردار ہتھیار سے گود کر کیاگیا ہے۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں ماتمی سناٹا چھایا ہوا ہے، ولواحقین کا رو رو کر برا حال ہے۔ ادھر تیگھڑا ایس ڈی او ، ڈی ایس پی ، تھانہ صدر سمیت کئی دیگر تھانوں کی پولس جام کی جگہ پر پہنچی ۔ ادھر بچھواڑہ ایم ایل اے رام دیو رائے ، راجد ضلع صدر اشوک یادو، پرمکھ شتروگھن کمار، نائب پر مکھ اجئے کمار وغیرہ نے متاثر خاندان سے مل کر صبر کی تلقین کی۔ فون پر بلانے والے کانام پولس کو بتا دیا گیا ہے۔