دراوڑ سے ملے حفیظ، بتایا بہتر انسان

دہلی، 30 دسمبر (یو این آئی) پاکستان کے بلے باز محمد حفیظ نے سابق ہندستانی کپتان اور انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ راہل دراوڑ سے ایک پرواز میں ملاقات کی اور انہیں ایک بہتر انسان بتایا۔ دراوڑ ہندستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ کے دورے پر ہیں جہاں ٹیم کو آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں حصہ لینا ہے جبکہ حفیظ بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ کے دورے پر ہیں جہاں اسے میزبان نیوزی لینڈ کے ساتھ محدود اوورز کی سیریز کھیلنی ہے ۔ اسی دوران دونوں کرکٹروں کی ایک پرواز میں ملاقات ہوئی اور دونوں نے ایک سیلفی بھی لی۔ حفیظ نے دراوڑ کے ساتھ سیلفی کو ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، “کرکٹ کی دیوار کہے جانے والے راہل دراوڑ بھائی سے ملاقات ہوئی۔وہ ایک اچھے انسان ہیں اور ہمیشہ کرکٹ کے بارے میں بات کرتے ہیں اور نوجوان کرکٹروں کی مدد کرتے ہیں۔میدان میں ان کے ساتھ کھیلنے کے میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ان سے ملاقات کرکے بڑی خوشی ہوئی۔ حفیظ کے اس ٹویٹ کو کئی لوگوں نے ری ٹویٹ کیا اور دراوڑ کو ایک عظیم انسان بتایا۔ایک پرستار نے لکھا “دراوڑ ایک عظیم کرکٹر کے ساتھ ساتھ ایک عظیم انسان بھی ہیں۔” وہیں ایک اور فین نے کہا کہ دراوڑ ایک شاندار کھلاڑی ہیں اور ہمیں ان سے سیکھنا چاہئے ۔ پاکستان کے ہی پرستار نے تو یہاں تک کہہ ڈالا کہ حفیظ بھائی راہل بھائی سے بلے بازی کے کچھ ٹپس لے لیجئے ۔