دو گروپ میں ہوئی گولی باری دو کی موت دیگر ہوئے فرار

سہسرام ،14 دسمبر( انجم ایڈوکیٹ ) نگر تھانہ علاقہ کے مبارک گنج محلہ میں آج کی گزری شب تقریباََ 8.30 بجے شب دو گروپ میں ہوئی گولی باری میں گولی لگنے سے دوا شخاص کی موت ہوگئی ۔ مرنے والوں میں محلہ کھڑکی گھاٹ باشندہ جئے رام چودھری اور محلہ شاہ جلال پیر باشندہ مہتاب عالم کی موت ہوگئی واردات کے بعد پور ے علاقے میں دہشت کا ماحول قائم ہوگیا تھا ۔ پولس ماحول کو قابو میں کرنے کے لئے مسلسل گشت کرتی رہی ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق نگر تھانہ کے کچھ ہی دور پر مبارک گنج میں دو گروپ کے درمیان جونہی گولیاں چلنے لگیں آوازسے پورا علاقہ گونج گیا ۔ دہشت میں آکر لوگ اپنی اپنی دکانیں بند کرنے لگے ۔ کچھ وقفے تک بھگدڑ کا ماحول قائم ہوگیا تھا۔ واردات کے بعد گولی لگنے سے بری طرح زخمی جئے رام چودھری کو اور مہتاعالم سڑک پر پڑے تھے۔ پولس کو خبر ملی تو ہ جائے واردات پر پہنچی ۔ دونوں کو علاج کے لئے اسپتال پہنچایا ، جہاں ڈاکٹر نے جئے رام چودھری کو مردہ قرار دے دیا وہیں مہتاب عالم کی تشویشناک حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں بنارس کے لئے ریفر کردیا۔ مہتاب عالم کو ایمبولنس میں بنارس لے جارہا تھا مہنیا کے قریب اس کی بھی موت ہوگئی ۔ اسی پی مانو جیت سنگھ ڈھلو نے بتایا کہ واردات میں دونوں کی موت ہوگئی اوردونوں ہی جرائم پیشہ کارناموں میں مشتہر تھے ۔ جن کے خلاف نگر تھانہ اور مفصل تھانہ میں مقدمے بھی چل رہے ہیں ۔ واردات کے بعد دونوں کے اسلحے بھی غائب پائے گئے ۔ دونوں کے ساتھ دیگر کو ن کون لوگ تھے اس کا پتہ لگانے میں پولس سرگرم ہوچکی ہے کسی معاملے کو لے کر سابقہ دور سے ہی دونوں میں اختلاف چل رہا تھا جس کی جانچ میں پولس لگ گئی ہے اور علاقے پر کڑی نگاہ بھی پولس لگائے بیٹھی ہے ۔ دونوں کی لاش کو گذری شب میں ہی پوسٹ مارٹم کر اکر وارثین کے حوالے کردیاگیا ہے۔