دھونی سری لنکائی کرکٹروں کے لیے بنے ’گرو‘

ممبئی26 دسمبر (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سب سے ہوشیار کھلاڑی مانے جانے والے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ آخر کار انہیں عظیم اور اول درجے کے کرکٹر کی حیثیت کیوں حاصل ہے ۔ میدان پر اپنے سمجھداری بھرے فیصلوں سے کئی بار چونکانے والے دھونی بھلے ہی کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس سے کپتانی چھوڑ چکے ہیں لیکن وہ میچ میں نوجوان کرکٹرز کو صحیح سے کھیلنے کے لیے ہمیشہ ہدایات دیتے نظر آتے ہیں۔اگرچہ ان کا ایک ویڈیو جو ان دنوں بحث میں ہے اس میں وہ اپنی نہیں بلکہ سری لنکا کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو سکھاتے نظر آ رہے ہیں۔ اس سال ہندستان سے دوسری بار سریز ہارنے والی سری لنکا کی ٹیم کے کھلاڑیوں کا دورہ گزشتہ ہفتے اتوار کو ٹوئنٹی 20 سیریز میں 0۔3 کی وھائٹ واش کے ساتھ ختم ہوا۔وہیں ون ڈے میں انہیں 1۔2 اور ٹیسٹ سیریز میں 0۔1 سے شکست ملی۔ ہندستان نے اس سال سری لنکا کو اسی کی زمین پر بھی 0۔9 سے شکست دی تھی۔ ممبئی میں سیریز کے آخری ٹوئنٹی 20 میں سری لنکا کو پانچ وکٹ سے شکست دینے کے بعد مہمان ٹیم کے کھلاڑی جب میدان کے کنارے کھڑے تھے تب دھونی ان کے پاس گئے اور انہیں بلے بازی کے شاٹس کو لے کر کچھ بتاتے ہوئے دکھائی دیے ۔اس ویڈیو میں اکیلا دھننجے ، اپل تھرنگا اور سدیرا سمروکرما دکھائی دے رہے ہیں جو دھونی کی باتیں اپنے کوچ کی طرح سنتے دکھائی دے رہے ہیں۔دھونی نے ہاتھوں کے اشارے سے سری لنکا کے کھلاڑیوں کو شاٹس کے بارے میں کچھ بات کہی۔ اس دوران دوسری طرف کمنٹیٹر سنجے منجریکر ہارنے والی ٹیم کے کپتان اپل تھرنگا سے بات کر رہے تھے جبکہ کیمرہ جب ان کی ٹیم کی جانب گیا تب دیکھیے کہ ایک طرف دھونی سری لنکا کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو کچھ سمجھا رہے ہیں۔ حال ہی میں ہندستانی ٹیم کے چیف کوچ روی شاستری نے بھی دھونی کو انتہائی سمجھدار کرکٹر بتاتے ہوئے کہا تھا کہ 2019 ورلڈ کپ کے لیے ان کی ٹیم میں دھونی کی جگہ لینے والا کوئی متبادل موجود نہیں ہے ۔