دہلی میٹرو کی مجنٹا لائن کا مودی افتتاح کریں گے

نئی دہلی،24دسمبر (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی دہلی میٹرو کے بوٹونیکل گارڈن سے کالکاجی مندر سیکشن پر تیسرے مرحلہ میں بنائی گئی 12.64کلومیٹر طویل نئی ‘مجنٹا لائن’ کا کل افتتاح کریں گے ۔اترپردیش میں نوئیڈا کے بوٹونیکل گارڈن سے دہلی کے کالکاجی مندر کو جوڑنے والی مجنٹا لائن کے شروع ہونے سے نوئیڈا اور جنوبی دہلی کے درمیان سفر کرنے والے لوگوں کا کافی وقت بچے گا۔وزیراعظم ہری جھنڈی دکھاکر اس لائن پر میٹرو خدمات کی شروعات کریں گے ۔ اس موقع پر اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود رہیں گے ۔ نوئیڈا کے بوٹونیکل گارڈن میٹرو اسٹیشن سے دہلی کیلئے مجنٹا لائن کو روانہ کرنے کے بعد وزیراعظم نوئیڈا میں ایک عوامی تقریب سے بھی خطاب کریں گے ۔بوٹونیکل گارڈن۔کالکاجی مندر سیکشن پر شروع میں مجموعی طورپر 10ٹرینوں کو سروس میں لگایاجائے گا دو ٹرینوں کو ایمرجنسی خدمات کے لئے علیحدہ رکھا جائے گا۔ یہ میٹرو پانچ منٹ اور پندرہ سیکنڈ کے وقفہ سے دستیاب ہوں گی۔ اس سیکشن کے تمام نواسٹیشنوں بوٹونیکل گارڈن، اوکھلا برڈ سینکچری، کالندی کنج، جسولہ وہار، شاہین باغ، جامعہ ملیہ اسلامیہ، اوکھلا وہار، سکھدیو وہار، اوکھلا این ایس آئی سی اورکالکاجی مندر اسٹیشنوں کے پلیٹ فارم پر اسکرین ڈور ہوں گے ۔ کالکاجی مندر اسٹیشن زیرزمین اور دیگر دوسرے اسٹیشن زمین کے اوپر بنائے گئے ہیں۔