دیوری کے سی ڈی پی او و تین خواتین سپروائزروں سے جواب طلب

گوپال گنج ،13 دسمبر( ارون مشرا) آنگن باڑی مراکز کی آنگن ایپ سے معائنہ اور گھروں کا دورہ کے کام میں بہتر ی نہیں ہوتا دیکھ ڈی ایم کے ذریعہ پنچ دیوری کی سی ڈی پی او و تین خواتین سپر وائزروں سے جواب طلب کیاگیا ہے۔ ترقی اطفال کے کاموں کا جائزہ ڈی ایم راہل کمار کے ذریعہ بدھ کو کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں کیا گیا۔ جس میں سبھی سی ڈی پی او اور خواتین سپر وائز روں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا کہ سبھی آنگن باڑی مراکز سے 10-10 درخواستیں وزیر اعظم زچگی بانڈ اسکیم کے تحت حاصل کریں۔ وہیں آنگن ایپ سے مراکز سے معائنہ میں تیز ی لا ئے جانے کا حکم دیا گیا۔ آئندہ ماہ سے صد فیصد آنگن باڑی مراکز کا معائنہ آنگن ایپ سے کیا جا ئے گا۔ میٹنگ کے دوران یہ بھی بتایا کہ بیکنٹھ پور ، سدھولیااور گوپال گنج میں سیویکا ، سہایکا ، انتخا بی کارروائی جمعرات 14 دسمبر سے شروع ہوگی۔ وہیں باقی پروجیکٹ میں سیویکا ، سہایکا کا انتخاب کا پروگرام ایک ہفتہ کے اندر مقرر کرتے ہوئے انتخابی کارروائی شروع کئے جانے کا حکم دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر حال میں سیویکا سہائکا انتخابی عمل کا کام 15 جنوری 2018 تک مکمل کرلیا جانا ہے۔ جائزہ کے دوران ایم پی آر انٹری کا کام گذشتہ ماہ کے مقابلہ چار فیصد کم ہونے پر کچائے کورٹ اور بھوڑے سی ڈی پی او کو متنبہ کیا گیا۔ وہیں سبھی آنگن باڑی مراکزمیں مارچ 2018 سے نیا ایم آئی ایس رجسٹر کھولے جانے کی ہدایت دی گئی۔ جبکہ ایچ آئی وی اور جذام متاثر خاندان کے بچوں کو خاندانی فائدہ منصوبہ سے مستفید کئے جانے کو لے کر بلاکوں میں درخواستیں جمع کرائے جانے کی ہدایت سبھی خواتین سپر وائزروں کو دیا گیا۔ وہاں ویسے پروجیکٹ جہاں پر سی ڈبلیو جے سی اور ایم جے سی کا معاملہ زیر التوا ہے۔ اس کا جلد نپٹارہ کئے جانے کی ہدایت دی گئی۔ میٹنگ میں ڈی پی او ، پر مانند ساہ ، ضلع تغذیہ افسر سوربھ تیواری سمیت سبھی پروجیکٹوں کی سی ڈی پی او اور خواتین سپروائزر کے علاوہ ضلع پروگرام دفتر کے کلرک موجود تھے ۔