راہل بلامقابلہ کانگریس صدر منتخب

نئی دہلی 11 دسمبر (تاثیر بیورو): راہل گاندھی سوموار کو 132 سال پرانی انڈین نیشنل کانگریس کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ چونکہ کسی اور نے پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا تھا، اس لئے نام واپسی کے آخری دن یعنی سوموار کو انہیں بلامقابلہ صدر منتخب کیا گیا۔ ویسے باضابطہ طور پر کانگریس صدر کی حیثیت سے ان کی تاجپوشی 16 دسمبر کو ہوگی۔ 47 سال کے راہل کانگریس کا اعلیٰ عہدہ سنبھالنے والے نہرو خاندان کے چھٹے ممبر ہوںگے۔ وہ گذشتہ 13 سال سے اپنی ماں اور موجودہ پارٹی صدر سونیا گاندھی کی ہدایت میں سیاسی باریکیاں سیکھ رہے ہیں۔ چار سال سے پارٹی تنظیم میں ان کی حیثیت دوسرے نمبر کی رہی۔ اس دوران پارٹی بکھری بکھری سی نظر آئی۔ گنی چنی ریاستوں میں ہی کانگریس کی سرکاریں رہ گئی ہیں۔ ایسے نامساعد حالات میں راہل کی تاجپوشی کو بھلے ہی نیا دور بتایا جارہا ہو لیکن ان کے سامنے چنوتیوں کی لمبی فہرست ہے۔ راہل گاندھی کے پارٹی صدر منتخب ہونے کے بعد کانگریس کارکنان میں جشن کا ماحول ہے۔ دہلی میں کانگریس دفتر کے باہر کارکنان نے بینڈ باجے کے ساتھ راہل کے انتخاب کا جشن منایا۔ بڑی تعداد میں کارکنان دہلی واقع پارٹی ہیڈکوارٹر پہنچے اور راہل گاندھی کو بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ راہل گاندھی نہرو۔ گاندھی وراثت کے جانشیں ہیں۔مگرسیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ نوجوان رائے دہندگان کابھروسہ جیتنے کیلئے صرف یہی کافی نہیں ہے۔ یوتھ انڈیا کی امیدیں بدل چکی ہیں۔ لہٰذا راہل گاندھی کو نئے دور کے نئے تقاضوں کے مطابق کام کرنا ہوگا۔ انہیں عوام سے براہ راست جڑنے کی کوشش کرنی ہوگی۔ کہا جاتا ہے کہ پارٹی میں لیڈر زیادہ اور کیڈر کم ہے۔ نئے صد ر کیلئے یہ سب سے بڑا چیلنج ہوگا کہ 2014 کے پارلیمانی انتخابات سمیت ایک کے بعد دوسرے ریاست کھوتی جارہی پارٹی کی بنیاد کیسے مستحکم کی جائے۔ راہل گاندھی کے کانگریس صدر منتخب ہونے پر پارٹی کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ ملک کو ان سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ ان کے اس عہدے پرمنتخب ہونے سے پہلے ہی انہوں نے اپنی سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھانا جانتے ہیں۔ راہل گاندھی کے منتخب ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس کی مرکزی انتخابی اتھاریٹی کے چیئرمین ملاپلی رام چندرن نے بتایا کہ راہل گاندھی کو پارٹی صدر منتخب کئے جانے کا سرٹی فیکٹ 16 دسمبر کو سونیا گاندھی اور کانگریس کے دیگر سینئر رہنماﺅں کی موجودگی میں سونپا جائے گا۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ سونیا گاندھی 16 دسمبر کو ہی صبح تقریباََ 11 بجے پارٹی کی باگ ڈور راہل گاندھی کو سونپیںگی۔ اس کے بعد راہل کانگریس ہیڈکوارٹر میں ملک بھر کے رہنماﺅں سے ملیںگے۔کانگریس کے نا ئب صدر راہل گاندھی کے پارٹی کا صدر منتخب ہونے کے اعلان پر پارٹی ہیڈکوارٹر پر کارکنوں نے مٹھائی بانٹی اور ڈھول نگاڑے بجاکر ، پٹاخہ جلاکر جشن منایا۔کانگریس کے رٹرننگ افسر ایم رام چندرن نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں جیسے ہی مسٹر گاندھی کے باضابطہ طورپر بلامقابلہ منتخب ہونے کا اعلان کیا، ہیڈکوارٹر کے احاطہ اور اس کے باہربڑی تعداد میں کھڑے پارٹی کارکن نعرے لگاکر، پٹاخہ جلاکر اور ڈھول کی تھاپ پر ناچتے ہوئے خوشیاں منانے لگے ۔ کارکنوں نے اس دوران 24اکبر روڈ پر آنے جانے والے تمام لوگوں کو مٹھائی بانٹی اور ہیڈکوارٹر کے احاطہ میں ایک دوسرے کو مٹھائی کھلاکر مبارکباد دیتے رہے ۔پارٹی ہیڈکوارٹر کے آس پاس کی سڑکیں کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی کے پوسٹروں سے بھری رہیں اور ہر جگہ کانگریس کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔ کانگریس کے نئے صدر کے استقبال میں پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد میں بھیڑ کے پیش نظر 24اکبر روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی گئی تھی۔