ریاست میں بالو اور گٹی بحران کے خلاف آرجے ڈی تحریک پر آمادہ

پٹنہ 11 دسمبر (تاثیر بیورو):بالو، گٹی کے سلسلے میںحکومت کی نئی پالیسی کے خلاف آرجے ڈی نے آج جم کر احتجاج کیا۔ پارٹی کے رہنما اور کارکنان صبح سے ہی پٹنہ کی سڑکوں پر اتر آئے اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔اس دوارن اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے 18 دسمبر کو بہار بند کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کو لے کر عوام کے بیچ جائیںگے۔ اس پر جدیو نے طنزیہ لہجے میں کہا ہے کہ کیا یہ جنگل راج ہے؟سڑک پر اترے ہوئے راجد کے سینئر رہنما رگھوونش پرساد سنگھ نے کہا کہ اس لڑائی کو دہلی تک لڑنا ہے۔ حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے آج ہزاروں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں۔ تعمیری شعبے کے کام کاج ٹھپ ہیں۔ مزدور بھکمری کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود حکومت ماننے کو تیار نہیں ہے۔ وہیں پارٹی کے ریاستی صدر رام چندر پوربے نے کہا ہے کہ جولائی سے بالو اور گٹی کی بندی کے چلتے تعمیری شعبے میں بحران کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ اس معاملے کو راجد کے ایم ایل اے نے اسمبلی میں بھی اٹھایا لیکن حکومت کی نیند نہیں ٹوٹ رہی ہے۔ ہزاروں مزدور مجبوری میں منتقلی کے دور سے گزررہے ہیں۔ حکومت کی توجہ مبذول کرانے کیلئے راجد نے اس احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا ہے۔ اس موقع سے بالو مافیاﺅں کو تحفظ فراہم کرنے کے سوال پر راجد رہنماشیوانند تیواری نے سوال اٹھایا ہے کہ سرجن اور شوچالیہ مافیاﺅں کی پشت پناہی کرنے والے اور دلت وکاس مشن گھوٹالے میں شامل لوگ ہم لوگوں پر گھوٹالے کا کیا الزام لگائیںگے؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نتیش جی گھوٹالوں کے سردار ہیں۔ گذشتہ 12 برسوں میں نتیش حکومت میں بے شمار گھوٹالے ہوئے ہیں۔ آج کے احتجاجی تحریک میں سینئر رہنما رگھوونش پرساد سنگھ، شیوانند تیواری ، رام چندر پوربے ، منگنی لال منڈل سمیت تمام بڑے رہنماﺅں اور کارکنوں نے حصہ لیا۔