سری لنکا نے آلودگی کے بہانے وراٹ کو ٹرپل سنچری سے روکا

نئی دہلی، 03 دسمبر (یو این آئی) ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں دوسرے دن اتوار کو جہاں ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی (243) کی ریکارڈ ساز چھٹی ڈبل سنچری دیکھنے کو ملی تو وہیں سری لنکائی کھلاڑیوں نے دوسرے سیشن میں بار بار دہلی کی آلودگی کو لے کر اعتراض اٹھاتے ہوئے اچانک تنازعہ پیدا کر دیا۔ ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی نے دوسرے سیشن میں سری لنکائی کھلاڑیوں کی آلودگی کی وجہ سے بار بار کھیل روکے جانے سے تنگ آکر ہندستان کی پہلی اننگز سات وکٹ پر 536 رن پر ڈکلئیرکر دی ۔ سری لنکا نے اس کے جواب میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 44.3 اوور میں تین وکٹ پر 131 رنز بنا لئے ہیں اور وہ اب ہندستان کے اسکور سے 405 رنز پیچھے ہے ۔ آلودگی کی بات اٹھا کر دوسرے سیشن میں تین چار بار کھیل رکوانے والی سری لنکا کی ٹیم کو اس کی اننگز کی پہلی ہی گیند پر جھٹکا لگا جب دمتھ کرونارتنے فاسٹ بولر محمد سمیع کی گیند پر وکٹ کے پیچھے لپکے گئے ۔اننگز کے چھٹے اوور میں ایشانت شرما نے دھننجے ڈی سلوا (1) کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔سری لنکا کا دوسرا وکٹ 14 کے اسکور گر گیا۔دلروان پریرا (42) اور اینجلو میتھیوز (ناٹ آ¶ٹ 57) نے تیسرے وکٹ کے لئے 61 رن کی ساجھے داری کی۔ پریرا کو لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔میتھیوز نے اس کے بعد کپتان دنیش چنڈیمل کے ساتھ باقی کھیل محفوظ نکال لیا۔میتھیوز نے آف اسپنر روی چندرن اشون پر مسلسل دو چھکے مار کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔وراٹ اور شکھر دھون نے دو آسان کیچ ڈراپ کئے ورنہ سری لنکا کی حالت اور زیادہ خراب ہو سکتی تھی۔اسٹمپس کے وقت میتھیوز آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 57 اور چنڈیمل تین چوکوں کے سہارے 25 رن بنا کر کریز پر تھے ۔ دونوں نے چوتھے وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 56 رن جوڑ دیئے ۔ میچ کا دوسرا دن بڑا ہی دلچسپ رہا۔پہلے اور آخری سیشن میں آلودگی کی کوئی شکایت نہیں ہوئی لیکن دوسرے سیشن میں سات سری لنکائی کھلاڑی ماسک پہن کر میدان میں اترے اور انہوں نے تین چار بار آلودگی کو لے کر اپنی پریشانی بیان کر کے میچ رکوایا۔اسی چکر میں ہندستانی کپتان وراٹ کی یکسوئی متاثر ہوئی اور وہ 243 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ورنہ وہ جس طرح سے کھیل رہے تھے اس سے اپنی ٹرپل سنچری مکمل کر سکتے تھے ۔ وراٹ نے نہ صرف اپنا ذاتی بہترین اسکور بنایا بلکہ کوٹلہ میدان پر 62 سال پرانا نیوزی لینڈ کے برٹ اسٹکلف کا ناٹ آ¶ٹ 230 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔وراٹ نے ہندوستانی اننگز کا اعلان کرنے کے بعد چائے کے وقفہ تک کے کھیل اور دن کے باقی کھیل میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ آلودگی اتنی بڑا مسئلہ نہیں ہے جتنا کہ سری لنکائی کھلاڑیوں نے اسے بنا دیا۔ جو سری لنکائی کھلاڑی فیلڈنگ کرتے وقت بار بار ہانپتے نظر آ رہے تھے ان ہی کھلاڑیوں کو بلے بازی کے وقت کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔وراٹ کی ٹرپل سنچری کے لئے موجود ناظرین نے ان کے آ¶ٹ ہونے کے بعد سری لنکائی کھلاڑیوں کی کافی ھوٹنگ بھی کی۔ کپتان وراٹ کوہلی (243) کے عالمی ریکارڈ ڈبل سنچری کی بدولت ہندستان لنچ تک 500 کا اسکور بنا چکا تھا۔لنچ کے بعد جب کھیل شروع ہوا تو تقریبا ایک گھنٹے بعد ہی سری لنکائی کھلاڑیوں نے آلودگی کو لے کر بار بار شکایت کرنا شروع کی جس سے کھیل رکتا رہا۔سری لنکائی کھلاڑیوں کی پہلی بار شکایت پر آلودگی کی وجہ سے قریب 20 منٹ تک کھیل رکا رہا۔سری لنکا کے پانچ چھ کھلاڑی لنچ کے بعد باقاعدہ ماسک پہن کر میدان میں اترے تھے ۔ کھیل جب شروع ہوا تو تھوڑی دیر بعد پھر سری لنکائی کھلاڑی آلودگی کو لے کر امپائر کے پاس پہنچ گئے ۔پھر کچھ دیر کے لئے کھیل رک گیا۔ ہندستانی ڈریسنگ روم میں بیٹھے ٹیم انڈیا کے کوچ روی شاستری سری لنکائی کھلاڑیوں کے اس رویہ سے بے حد ناراض دکھائی دے رہے تھے ۔کھیل ایک بار پھر شروع ھوا لیکن چند گیندوں بعد ہی دوبارہ کھیل بند کردینا پڑا۔آخر وراٹ نے ڈریسنگ روم سے اننگز کا اعلان کرنے کا اشارہ کرتے ہوئے ہاتھوں سے دکھایا کہ ٹیم اب بولنگ کرنے کو تیار ہے ۔ اس طرح ہندستان کی پہلی اننگز 127.5 اوور میں سات وکٹ پر 536 کے اسکور پر مکمل ہو گئی۔وراٹ نے 287 گیندوں پر 25 چوکوں کی مدد سے 243 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔ وراٹ کی اس سیریز میں یہ مسلسل دوسری ڈبل سنچری اور مجموعی چھٹی ڈبل سنچری تھی ۔ وراٹ نے اس کے ساتھ ہی کپتان کے طور پر چھ ڈبل سنچری بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے ۔ ہندستان نے صبح کل کے چار وکٹ پر 371 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔وراٹ نے 156 اور روہت شرما نے چھ رنز سے ہندوستانی اننگز کو آگے بڑھایا۔ سری لنکا نے چھ اوور بعد دوسری گیند لے لی۔وراٹ نے دوسری نئی گیند پر سرنگا لکمل کا استقبال چوکا مار کر کیا اور اس کے ساتھ ہی ہندستان کے 400 رنز مکمل کر دیے ۔وراٹ اور روہت نے صبح کے پہلے گھنٹے میں جارحانہ انداز میں بلے بازی کی اور پہلے گھنٹے میں 71 رن جوڑ ڈالے ۔ روہت نے سخت تیور دکھائے اور چائنامین بولر لکشن سدکن کی گیند پر شاندار چھکا مارا۔ وراٹ جب 195 رنز پر تھے تو آف اسپنر دلروان پریرا نے ان کے خلاف ایل بی لیو کے لئے ریفرل لیا لیکن سری لنکا کا ریفرل بے کار گیا۔
کچھ دیر بعد وراٹ نے دو رن لے کر اپنی ڈبل سنچری مکمل کر لی ۔انہوں نے 200 رن کے لئے 349 منٹ کریز پر گزارے اور 238 گیندوں میں 20 چوکے لگائے ۔ دوسری طرف روہت نے اپنے 50 رن 109 منٹ میں 88 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے پورے کر لئے ۔روہت نے چوکا مار کر ہندستان کے 500 رنز بھی پورے کئے ۔لیکن اگلی ہی گیند پر وہ وکٹ کیپر نروشن ڈکویلا کے ہاتھوں کیچ ہوئے ۔روہت کا وکٹ بھی سدکن نے لیا۔ لنچ سے پہلے کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر روہت کا وکٹ گرنے کے ساتھ ہی لنچ بھی ہو گیا۔ روہت نے 102 گیندوں میں سات چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے ۔دوپہر کے کھانے کے وقت کپتان وراٹ 266 گیندوں میں 23چوکوں کے سہارے 225 رنز بنا کر کریز پر تھے ۔ ہندستان نے صبح دو گھنٹے کے کھیل میں 129 رن جوڑے ۔ لنچ کے بعد کھیل آسانی سے چل رہا تھا کہ تبھی کچھ دیر بعد سری لنکا کھلاڑیوں نے آلودگی کو لے کر اعتراض اٹھانا شروع کر دیا۔ سری لنکا کے کپتان دنیش چنڈیمل، انجیلو میتھیوز، دلروان پریرا، دھننجے ڈی سلوا او سرنگا لکمل ماسک پہن کر میدان پر اترے تھے ۔ آلودگی کو لے کر جب پہلی بار قریب 20 منٹ تک کھیل رکا تو پھر کھیل شروع ہونے کے بعد پہلی ہی گیند پر روی چندرن اشون لاھرو گماگے کی گیند پر پریرا کو کیچ تھما بیٹھے ۔اشون نے چار رنز بنائے ۔سری لنکائی کھلاڑیوں کی آلودگی پر بار بار اعتراض کے سبب کپتان وراٹ بھی اپنی یکسوئی کھو بیٹھے اور سدکن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔اگرچہ وراٹ نے ریفرل لیا لیکن گیند لیگ اسٹمپ کو نشانہ کر رہی تھی۔ وراٹ نے پویلین لوٹتے وقت اپنا بیٹ اٹھا کر ناظرین کا سلام قبول کیا۔وراٹ 430 منٹ کریز پر رہے ۔انہوں نے 287 گیندوں کا سامنا کیا اور 243 رنز میں 25 چوکے لگائے ۔وراٹ جس طرح کھیل رہے تھے اس سے وہ آج ٹرپل سنچری کے لئے مصروف عمل نظر آئے تھے ۔لیکن یکسوئی ٹوٹنا ان کے لئے بھاری پڑ گیا۔ کمنٹری کر رہے وریندر سہواگ نے بھی سری لنکائی کھلاڑیوں کے اس رویہ پر ناراضگی ظاہر کی۔اشون کا وکٹ پر 519 کے اسکور پر اور وراٹ کا وکٹ 523 رن کے اسکور پر گرا۔جب ہندستان کا اسکور 536 رنز تھا تو پھر سری لنکا کے کھلاڑیوں نے آلودگی مسئلہ اٹھایا اور اس بار وراٹ نے اننگز ہی ڈکلئیر کر دی ۔ ردھمان ساہا نو اور رویندر جڈیجہ ناٹ آ¶ٹ پانچ رن پر واپس آئے ۔ سری لنکا کی جانب سے سدکن نے 33.5 اوور میں 167 رنز دے کر چار وکٹ، گماگے نے 25.3 اوور میں 95 رن پر دو وکٹ اور پریرا نے 31.1 اوور میں 145 رن پر ایک وکٹ لیا۔