سری لنکا پر کلین سوئپ سے ون ڈے میں ہندوستان بنے گا نمبر ایک

نئی دہلی، 9 دسمبر (یو این آئی) روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم اتوار کو جب سری لنکا کے خلاف اپنی ون ڈے مہم کا آغاز کرے گی تو اس کی نظریں سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے ساتھ جنوبی افریقہ کو باہر کرکے آئی سی سی رینکنگ میں دنیا کی نمبر ایک ون ڈے ٹیم بننے پر بھی ہوں گی۔ ہندوستان نے اسی برس سری لنکا کو اسی کی سرزمین پر پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں 5۔0 سے ہرایا تھا اور اب وہ اسی سلسلے کو اپنی زمین پر بھی برقرار رکھتے ہوئے تین میچوں کی سیریز میں 3۔0 سے کلین سوئپ کرنا چاہتی ہے ۔ ہندوستان اپنا پہلا میچ اتوار کو دھرمشالہ میں کھیلے گا۔ موجودہ ون ڈے ٹیم رینکنگ میں ہندوستان 120 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ اتنے ہی ریٹنگ پوائنٹ کے ساتھ ٹاپ پر ہے ۔ اگر ٹیم انڈیا دھرمشالہ میں پہلا میچ جیت جاتی ہے تو ہندوستان ایک پوائنٹ حاصل کرکے 121 پوائنٹ کے ساتھ ٹیم ریکنگ میں ٹاپ پر پہنچ جائے گا لیکن اس مقام پر قائم رہنے کے لئے اسے تین میچوں میں جیت حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ ٹسٹ رینکنگ میں بھی ہندوستان دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہے اور یہاں بھی اس کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہی ہے جو دوسرے نمبر پر ہے ۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق حریف ٹیم سری لنکا 83پوائنٹ کے ساتھ ون ڈے ٹیم رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے ۔ اگر وہ پچھلی سیریز کی طرح اس بار بھی 0۔3 سے وائٹ واش جھیلتی ہے تب بھی اس کے اتنے ہی پوائنٹ رہیں گے لیکن اگر وہ کلین سوئپ کرتی ہے تو اسے چار پوائنٹ کا فائدہ حاصل ہوگا اور اس کے 87 پوائنٹ ہو جائیں گے ۔ دوسری جانب ہندوستان کی حالت ایسی ہے کہ اگر وہ سیریز 2۔1 سے بھی جیتا تو اسے ایک پوائنٹ کا نقصان ہوگا اور وہ 119 پوائنٹ پر آ جائے گا۔ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان اتوار کو دھرمشالہ میں تین میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے کھیلا جانا ہے لیکن کپتان وراٹ، سری لنکا کے خلاف محدود اووروں کی سیریز سے آرام دینے کے سبب غیر حاضر ہیں اور کپتان کی ذمہ داری سلامی بلے باز روہت شرما کو سونپی گئی ہے جن کے پاس اپنی قیادت میں ٹیم کو نمبر ون بنانے کا سنہرہ موقع ہے ۔ حال ہی میں سری لنکا کے خلاف اختتام پذیر ہوئی ٹسٹ سیریز میں وراٹ نے اپنے بلے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور دو دوہری سنچریوں سمیت کل 610 رن بناکر ریکارڈ کارکردگی کی تھی۔ وہ مین آف دی سیریز رہے تھے نیز اسی کی بدولت ٹسٹ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ۔ وراٹ فی الحال ون ڈے اور ٹونٹی۔ 20 رینکنگ میں دنیا کے نمبر ایک بلے باز ہیں۔