سشیل کمار کے خلاف ایف آئی آر

نئی دہلی، 30 دسمبر (یو این آئی) اولمپک میں دو بار تمغے جیتنے والے سشیل کمار کے خلاف دولت مشترکہ کھیلوں کے ٹرائل کے دوران ہوئے جھگڑے کے معاملے میں سنیچر کو دلی پولیس میں ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں ہوئے ٹرائل کے دوران سشیل کے حامیوں اور ان کے حریف پروین رانا کے حامیوں کے مابین جم کر مار پیٹ ہوئی تھی۔ سشیل اور ان کے حامیوں کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کے دفعات کے تحت معاملہ درج کرایا گیا ہے ۔ پولیس افسران نے بتایا کہ ان دفعات کے تحت سشیل کو ایک برس کی جیل یا ایک ہزار روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں بھی ہوسکتی ہیں۔ سال 2018 کے کامن ویلتھ گیمس میں سینئر ایشیائی چمپئن شپس کی ہندوستانی ٹیموں کے انتخاب کے لئے جمعہ کو سلیکشن ٹرائل کا انعقاد کیا گیا تھا لیکن ٹرائل ہی اکھاڑے میں تبدیل ہوگیا۔ ٹرائل سے الگ سشیل کے حامیوں اور ان کے چھتر سال اسٹیڈیم کے ساتھی پہلوان پروین رانا کے حامیوں کے مابین زور دار ہاتھاپائی ہوگئی۔ سیمی فائنل میں ہارنے والے رانا نے سشیل کے حامیوں پر انہیں پیٹنے اور دھمکی دینے کے الزام لگائے جس سے دونوں پہلوانوں کے حامیوں میں جم کر مار پیٹ ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ اس جھگڑے کے دوران میڈیا موجود تھا اور یہ پورا واقعہ کیمروں میں قید ہوا تھا جس کی بنیاد پر پولیس نے سشیل اور ان کے حامیوں کے خلاف ایف آئی آر کی درج کی۔ پولیس ڈپٹی کمشنر (سینٹرل) مندیپ سنگھ رندھاوا نے اولمپک تمغہ یافتہ پہلوان کے خلاف ایف آئی آر کی تصدیق کی ہے ۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ اس معاملے میں جانچ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رانا یا ان کے حامیوں کی جانب سے سشیل کے خلاف کسی طرح کی باضابطہ شکایت وصول نہیں ہوئی ہے ۔ ٹرائل کے دوران سشیل اور رانا کا مقابلہ بھی پرتشدد رہا اور دونوں ہی پہلوانوں نے ایک دوسرے کو کاٹنے کا الزام لگایا۔ سشیل کو پہلے را¶نڈ میں بائی ملی اور پھر اگلے را¶نڈ میں انہوں نے دنیش کمار کو تکنیکی برتری کی بنیاد پر 10۔0 سے ہرادیا۔ انہوں نے پھر رانا کو سخت مقابلے میں 7۔3 سے ہرایا اور اس کے بعد جتیندر کو 4۔3 سے ہراکر 74 کلوگرام فری اسٹائل زمرے میں کامن ویلتھ کھیلوں کے لئے ٹکٹ حاصل کرلیا۔