شیخ الازہر کا امریکی نائب صدر سے ملاقات سے انکار

قاہرہ 9دسمبر (آئی این ایس انڈیا ) مصرکی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الاز ھر کے سربراہ احمد الطیب نے 20 دسمبر کو مشرق وسطیٰ کے دورے پر آنے والے امریکی نائب صدر مائیک پینس سے ملاقات سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ القدس کے بارے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا فیصلہ واپس لے۔ گذشتہ ہفتے قاہرہ میں قائم امریکی سفارت خانے کی طرف سے شیخ الازھر کو خطے کے دورے پر آنے والے امریکی نائب صدر سے ملاقات کی دعوت دی تھی۔ شیخ الازھر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ وہ بہ طور احتجاج امریکی نائب صدر سے نہیں ملیں گے۔شیخ الازھر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے القدس کے بارے میں ظالمانہ فیصلے کے بعد وہ امریکیوں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے حقوق سلب کرنےوالوں اور تاریخی جعل سازیوں میں ملو ث لوگوں کے ساتھ بیٹھنا اور ان سے بات چیت کرنا وہ مناسب نہیں سمجھتے۔ڈاکٹر احمد الطیب نے کہا کہ جامعہ الازھر فلسطینی مقدسات کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور القدس کے دفاع کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے استفسار کیا کہ میرے لیے یہ کیسے ممکن ہے کہ میں ان لوگوں کے ساتھ بیٹھوں کو غیرمستحق کو ما لک بناتے اور مستحق کو اس کے حق سے محروم کر تے ہیں۔شیخ الازھر نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے القدس کے بارے میں کیے گے متنازع فیصلے کے بعد پوری اسلامی دنیا میں امریکیوں سے نفرت پائی جا رہی ہے۔ ٹرمپ نے مسلمانوں کے دل جیتنے کے بجائے مسلمانوں کےدلوں میں نفرت پیدا کی۔ جمہوری اور انسانی اقدار، انصاف اور امن کے حوالے سے امریکی پہچان ختم ہوچکی ہے