شیرخوار بچے کو ذبح کرنے کی کوشش، سنگ دل سعودی باپ گرفتار

ریاض19دسمبر (آئی این ایس انڈیا )سعودی عرب کی ضباءگورنری کے تبوک شہر میں پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ایک پرائمر ی اسکول کی طرف سے دی گئی درخواست پر اپنے شیر خوار بچے کو ذبح کرنے کی کوشش کرنے والے سنگ دل باپ کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار شخص کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور اسےجلد ہی عدالت میں پیش کیاجائے گا۔ تبوک پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ انہیں مویلح پرائمری اسکو ل کی طرف سے بتایا گیا کہ ایک شخص نے ایک ہاتھ میں اپنا شیرخوار بچہ اور دوسرے میں تیز دھار چھری تھام رکھی تھی۔ اس نے بچے کو اسکول کے احاطے میں پہنچ کر قتل کرنے کی کوشش کی مگر وہاں پر موجود شہریو ں نے بچے کی جان بچالی۔موقع پر موجود شہریوں کا کہنا ہے کہ بچے کے قتل کی کوشش کرنے والا شخص نفسیاتی مریض معلوم ہوتا ہے۔ بچے کو قتل کرنے کی کوشش کے دوران وہ بے ربط باتیں کر رہا اور لوگوں کے سامنے اپنے بچے کو ذبح کرنے کی دھمکی۔ موقع پر موجود شہریوں نے سنگ دل شخص کے ہاتھ سے بچہ چھین لیا جسے بعد ازاں اس کی والدہ کے حوالے کردیا گیا۔پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔