میرے نام سے ڈرتا ہے بی سی سی آئی:للت مودی

نئی دہلی، 12 دسمبر (یو این آئی) راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن (آرسی اے ) پر سے تقریبا چار سال بعد شرائط کے ساتھ ختم کی گئی معطلی پر سابق آئی پی ایل کمشنر للت مودی نے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور کہا ہے کہ افسر، ان کے نام سے بھی ڈرتے ہیں۔ بی سی سی آئی نے پیر کو اپنے عام اجلاس میں آرسی اے پر سے معطلی ہٹا لی تھی ۔ لیکن بورڈ نے راجستھان یونین کو ہدایات دی تھیں کہ وہ اپنے آپریشن سے سابق صدر اور سابق آئی پی ایل سربراہ مودی کو بالکل دور رکھے ۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو آرسی اے پر دوبارہ سے بین لگایا جا سکتا ہے ۔ ہندستانی بورڈ کے اس فیصلے کے بعد مودی نے اپنے ٹوئٹر اکا¶نٹ پر سخت الفاظ میں بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ واہ، کیا بات ہے ، میں سات سال سے ہندستان میں نہیں ہوں لیکن بی سی سی آئی کے یہ عہدیدار اب بھی میرے نام سے ڈرتے ہیں ۔ یہ جوکر ہیں جنہوں نے اپنی زندگی میں ایک دن بھی کام نہیں کیا۔ للت مودی پر بی سی سی آئی نے مالی بے ضابطگیاں برتنے کے الزام میں تاحیات پابندی لگا دی تھی۔ سابق آئی پی ایل کمشنر پر گرفتاری کی تلوار بھی لٹکی تھی جس سے بچنے کیلئے وہ ملک چھوڑ کر لندن بھاگ گئے اور گزشتہ سات برسوں سے وہیں ہیں ۔ مودی کو بورڈ نے اپریل 2010 میں معطل کیا تھا۔