نوادہ میں ویجلنس نے رشوت لیتے پروگرام افسر کو کیا گرفتار

نوادہ ،12 دسمبر( نمائندہ ) ویجلنس کی ٹیم نے منگل کی صبح ضلع کے کاشی چک بلاک میں پروگرام افسر کے عہدہ پر تعینات ونود پرکا ش سمن کو 10 ہزار روپے رشوت لیتے گرفتار کیا۔ بتادیں کہ ان دنوں رشوت کے معاملے خوب آرہے ہیں۔ ساتھ ہی نگرانی محکمہ کی کارروائی بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ باوجود اس کے رشوت خور سبق نہیں لے رہے۔ بتادیں کہ گذشتہ رات سے ہی نوادہ میں کیمپ کررہے ویجلنس کی ٹیم نے منگل کی صبح راجندر میموریل وومینس کالج کے نزدیک واقع ہوٹل مہا مایا میں کرائے کے روم میں رہ رہے ونود پرکاش سمن کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب ایک کا م کے عوض میں 10 ہزار روپے کے لینے کی کوشش کررہے تھے ۔ ویجلنس کی ٹیم پروگرام افسر کو گرفتار کر اپنے ساتھ پٹنہ لے آئی ہے۔ جبکہ موقع پر موجود کچھ لوگوں نے بتایا کہ ویجلنس کی ٹیم پروگرام افسر سے نہ تو پیسہ برآمد کرپائی اور نہ ہی کسی طرح کا ثبوت ملا۔ پوچھے جانے پر ویجلنس کی ٹیم نے موبائل بات چیت کا حوالہ دے کر پروگرام افسر کو گرفتار کیا۔ ضلع میں ویجلنس کے ذریعہ لگاتار ہورہی کارروائی کے بعد بھی رشوت خوری تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ آئے دن کوئی نہ کوئی کام کے عوض میں افسر و ملازمین کے ذریعہ پیسے کامطالبہ کیا جاتا ہے۔ اب تک 24 سے زیادہ افسران و ملازمین نگرانی کی گرفت میں آچکے ہیں۔