پاکستانی پولیس کے لیے مزید لاکھوں ڈالر کا امریکی ساز و سامان

اسلام آباد 13دسمبر (آئی این ایس انڈیا )امریکہ نے پاکستان میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو رواں سال جون سے ستمبر کے دوران دو کروڑ تیس لاکھ ڈالر مالیت کا جدید حفاظتی سازوسامان فراہم کیا ہے۔اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری ایک بیان کے مطابق اس میں ساڑھے 30 ہزار بلٹ پروف جیکٹس اور 27 ہزار سے زائد ہیلمٹس بھی شامل ہیں۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ سامان پاکستان کے چاروں صوبوں کی پولیس، فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا، فرنٹیئر کانسٹیبلری، فاٹا لیویز، نیشنل ہائی وے موٹروے پولیس اور نیشل پولیس اکیڈمی کو فراہم کیا گیا۔اس اضافی سامان کی فراہمی کے بعد 2009ءسے پاکستانی پولیس کو فراہم کی جانے والی بلٹ پروف جیکٹس کی تعداد 53 ہزار اور ہیلمٹس کی تعداد 47 ہزار ہو گئی ہے۔پاکستان انسدادِ دہشت گردی کی جنگ میں امریکہ کا قریبی اتحادی ہے اور امریکہ دہشت گردی سے نمٹنے سمیت مختلف شعبوں میں اس ملک کو معاونت فراہم کرتا آ رہا ہے۔سفارت خانے میں شعبہ انسداد منشیات و نفاذِ قانون کے ڈائریکٹر گریگوری شیفر کے مطابق پاکستانی پولیس ہر روز اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران قربانیاں پیش کرتی ہے۔ان کے بقول، “امریکہ اور پاکستان اپنے عوام کے تحفظ کے لیے پولیس پر انحصار کرتے ہیں اور ہم دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں اور پاکستان میں استحکام، عدل اور انصاف کے نصب العین میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔” پاکستا ن کی نیشنل پولیس بیورو کے مطابق گزشتہ 15 برسون کے دوران مختلف کارروائیوں اور حملوں میں چھ ہزار سے زائد پولیس اہلکار مارے جا چکے ہیں۔ سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حفاظتی سامان سے پولیس اہلکاروں کو دہشت گردی اور جرائم سے نمٹنے کے دوران اپنی حفاظت میں مدد ملے گی۔امریکہ کا بین الاقوامی شعبہ انسداد منشیات و نفاذِ قانون جرائم و بدعنوانی کے سدباب، منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام، پولیس کے اداروں کی بہتری اور منصفانہ اور قابلِ احتساب عدالتی نظام کے فروغ میں اعانت کے لیے 90 سے زائد ملکوں میں مصروفِ عمل ہے۔