چین کا غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے ٹیکس چھوٹ کا اعلان

بیجنگ 29(آئی این ایس انڈیا)چین نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ٹیکس میں چھوٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی کمپنیوں کو منافع میں عارضی ودہولڈنگ انکم ٹیکس کی ادائیگی میں چھوٹ دی جائے گی، رواں برس ادا کیا جانے والا ٹیکس کمپنیوں کو واپس کر دیا جائے گا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چینی وزرات خزانہ نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ٹیکس میں چھوٹ کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق غیر ملکی کمپنیوں کو منافع میں عارضی ودہولڈنگ انکم ٹیکس کی ادائیگی میں چھوٹ دی جائے گی۔ بیان کے مطابق غیر ملکی کمپنیاں چینی معیشت کی ترقی کے لیے تیزی سے ایک اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور صنعت و ٹیکنالو جی کے اعلی درجے کو فروغ دے رہی ہیں۔ نئی پالیسی طویل المیعاد بنیادوں پر غیر ملکی کمپنیوں کو ایک سازگار ماحول فراہم کرے گی ، چین میں سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی ہو گی اور مشترکہ تعاون کو فروغ ملے گا۔بیان کے مطابق مذکورہ پالیسی یکم جنوری دو ہزار سترہ سے لاگو تصور ہو گی جس کا مطلب یہ ہوا کہ رواں برس ادا کیا جانے والا ٹیکس کمپنیوں کو واپس کر دیا جائے گا۔