کناڈا میں حجاب پر پابندی کے فیصلے پر حکم التوا

اوٹاوا(کناڈا)،03 دسمبر (ایجنسی): کناڈا کی ایک عدالت نے پورا چہرہ چھپانے والے حجاب پر پابندی کو معطل کردیا ہے۔ جج باباک برین نے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے حکم دیا کہ جب تک حکومت حجاب پہننے کیلئے واضح رہنما خطوط جاری نہیں کرتی ہے تب تک برقع پہننے پر پابندی کو معطل رکھا جائے۔ کناڈا کے کیوبک ریاست میں برقع یا حجاب پر بین لگانے کا حکومت نے فیصلہ لیا تھا۔ جس کو کچھ مسلم تنظیموں نے عدالت میںچیلنج کیا تھا۔ کیوبک میں زیادہ تر فرینچ بولنے والے ہیں۔ حکومت کے ذریعہ بنائے گئے اس قانون میں کسی خاص مذہب کے لباس کا نام نہیں ہے لیکن جس طرح کے لباس پر پابندی کی تفصیل بیان کی گئی ہے وہ نقاب سے ملتی جلتی ہے۔ کیوبک میں مسلمانوں کی آبادی بہت کم ہے۔ ریاست میں مسلم آبادی صرف تین فیصد ہے جو باقی علاقوں کے مقابلے کافی کم ہے۔ اس فیصلے پر کیوبک کے وزیراعظم فلپ کوئلارڈ نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بے اطمینانی کااظہار کیا ۔انہوںنے کہاکہ قانون میں کسی کا ذکر نہیں ہے ۔جبکہ کناڈا کی مسلم کونسل کے ڈائرکٹر احسان گردی نے عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پہلا مثبت قدم بتایا ہے۔ وہی ریاست ہے جہاں اس سال جنوری میں ایک بندوق بردار نے مسجد میں داخل ہوکر 6 مسلمانوں کو ہلاک کردیا تھا۔