کونسل مشاہیر عربی ادب پر کتابیں شائع کرے گی: پروفےسر ارتضیٰ کرےم

نئی دہلی 14(ابصار احمد صدےقی )، دوسری زبانوں کی ادبیات سے اردو زبان و ادب کی ثروت میں گراں قدر اضافہ ہوا ہے۔ اردو ادب میں عالمی ادب کے بہت سے شاہ کار ترجمے کی صورت میں اردو قارئین تک پہنچے ہیں اور ان سے نہ صرف ہماری آگہی میں اضافہ ہوا بلکہ مختلف ملکوں کی ثقافتوں کے مابین ربط کی صورت بھی پیدا ہوئی ہے۔ کونسل اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے مشاہیر عربی ادب پر کتابیں شائع کرنا چاہتی ہے تاکہ اردو حلقہ بھی ان مشاہیر سے واقف ہو سکے۔ یہ باتیں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم نے صدر دفتر میں منعقدہ عربی زبان پینل کی میٹنگ میں کہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ عربی زبان و ادب سے ہندوستان کا بہت گہرا رشتہ رہا ہے یہاں عربی کے بہت سے شعرا اور نثر نگار ہیں جنھیں عالمی سطح پر شناخت حاصل ہے۔ کونسل ہندوستان میں عربی ادب سے جڑے ہوئے فنکاروں پر ترجیحی طور پر کتابیں شائع کرے گی تاکہ عالم عرب کو ہندوستان کی ادبی خدمات کا اندازہ ہو سکے۔ اس میٹنگ کی صدارت پروفیسر نعماں خان نے کی ۔ انھوں نے مشاہیر عربی ادب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کونسل کے لےے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔ اس موقع پر دوسرے ممبران نے بھی اپنی آرا رکھیمیٹنگ میں حسنین اختر، پروفیسر مسعود انور علوی، ڈاکٹر مشیر حسین صدیقی، محمد علاءالدین ندوی، جناب مولانا صہیب قاسمی کے علاوہ کونسل کے پرنسپل پبلی کیشن آفیسر ڈاکٹر شمس اقبال ، محترمہ آبگینہ عارف، ڈاکٹر شاہد اختر نے بھی شرکت کی۔