کوہلی بلے بازی کے تمام ریکارڈکر سکتے ہیں اپنے نام :وقار

کراچی، 24 دسمبر (یو این آئی ) پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس نے کہا کہ ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی آنے والے سالوں میں بلے بازی کے تمام ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔ وقار نے کہاکہ کوہلی جس طرح اپنی فٹنس کو برقرار رکھتے ہیں اور جس مستعدی اور مہارت کے ساتھ کھیل کا لطف اٹھاتے ہیں اس سے مجھے لگتا ہے کہ آنے والے سالوں میں وہ بلے بازی کے تمام ریکارڈ توڑ دیں گے ۔ گزشتہ سال پاکستان کے چیف کوچ کے عہدے سے استعفی دینے والے سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ کوہلی معاصر کرکٹ کے سب سے زیادہ باصلاحیت کھلاڑی ہیں ۔ اپنے وقت کے بہترین بلے باز کے بارے میں بات کرتے ہوئے وقار نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں کرکٹ میں کافی تبدیلی آئی ہے لیکن کوہلی کی فٹنس کے عزم اور بلے بازی کی مہارت کو بہتر کو دیکھتے ہوئے انہوں نے سرفہرست مقام برقرار رکھا ہے ۔وقار نے کہاکہ جس طرح میں ان کو دیکھ رہا ہوں، وہ بلے بازی کے بہت سے ریکارڈ اپنے نام کریں گے ۔ کرکٹ کے دو عظیم بلے باز سچن تندولکر اور برائن لارا کے مقابلے پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے ہندوستانی کھلاڑی کو بہتر بتایا۔انہوں نے کہاکہ میں نے تندولکر کے خلاف کافی کھیلا ہے ۔انہوں نے ہمارے خلاف ڈیبو کیا تھا۔ایک پیشہ ور کے طور پر میں نے انہیں کئی سالوں تک دیکھا ہے اور میں نے ایسا کھلاڑی نہیں دیکھا ہے ۔جن بلے بازوں کو میں نے گیند بازی کی ہے ان میں وہ سب سے بہتر تھے اور ان کے خلاف کھیلنا مشکل ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لارا فطری باصلاحیت کھلاڑی تھے اور جب ان کا دن ہوتا تھا تو وہ بہت خطرناک ہوتے تھے ۔ وقار نے کہا کہ کپتان اور کوچ کے طور پر ان کی مدت کے دوران انہوں نے کبھی نظم و ضبط پر سمجھوتہ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ میں ہمیشہ مانتا ہوں کہ کرکٹ میں جب تک آپ منظم نہیں ہوں گے آپ کی صلاحیت ٹیم کے لئے کسی کام کی نہیں۔