یمنیوں کے جذبات کو جھنجوڑ دینے والی تصویر

صنعائ12دسمبر (آئی این ایس انڈیا )ان دنوں یمن کے مختلف حلقوں میں ایک تصویر زور و شور سے گردش میں آ رہی ہے۔ اس تصویر میں ایک یمنی بچّے کو اسکول سے واپس آتے ہوئے دکھایا گیا ہے جب کہ اس کے برابر سے ایک مسلح شخص اپنے بیٹے کے ساتھ گزر رہا ہے۔ مسلح شخص کے بیٹے کے ہاتھ میں بھی ہتھیار ہے اور وہ اسکول کا بستہ تھامے بچّے کو گردن گھما کر دیکھنے میں مصروف ہے۔اس تصویر نے یمنیوں کے جذبات کو جھنجوڑ کر رکھ دیا۔ بعض لوگوں نے اس کو بہترین تصویر قرار دیا جو گہرے معنی کے ساتھ یمن اور اس کے مستقبل کی حقیقی عکّاسی کر رہی ہے۔ اس تصویر کے فوٹوگرافر علی السنیدار نے بتایا کہ میڈیا اور سیاست سے تعلق رکھنے والی بہت سے شخصیات نے اس تصویر کو ایک سے زیادہ عنو انات کے ساتھ استعمال کیا ہے۔اس وقت یمنی بچّہ انتہائی اہم دوراہے سے گزر رہا ہے۔ ان میں ایک بچّہ ہتھیار اٹھا کر جنگ کا ر±خ کر رہا ہے۔ یہ بچّہ سوچتا ہے کہ کیا اس کو اسی مقام پر ہونا چاہیے تھا جہاں موت سے گھرا راستہ اس کا منتظرہے۔ اسی ملک میں ایک دوسرا بچّہ بھی ہے جو اپنے مستقبل کا سوچ کر تعلیم حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ تاہم اس کا مستقبل بھی یمن میں تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کے منظّم انہدام اور معیشت کے سنگین ترین بحران کی روشنی میں خطرے سے دوچار نظر آ رہا ہے۔