آلودگی پرفکر تو ہے لیکن سری لنکا نے شور زیادہ کیا:سمیع

نئی دہلی، 04 دسمبر (یو این آئی) ہندستانی فاسٹ بولر محمد سمیع نے راجدھانی دہلی میں آلودگی کے مسئلے کو تشویشناک تو مانا لیکن ساتھ ہی کہا کہ سری لنکا کی ٹیم نے اس معاملے پر شور زیادہ کیا۔ سمیع نے یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں تیسرے دن کے کھیل کے بعد پریس کانفرنس میں پیر کو کہا کہ آلودگی کی یہ سطح ہونا سوچنے والی بات ہے ۔لیکن سری لنکا نے جتنا شور کیا اور جتنا ہنگامہ کیا اتنا یہ تھا نہیں۔ فاسٹ بولر نے ساتھ ہی کہا کہ ہم ہندوستانی ان کے زیادہ عادی ہیں اس لئے ہم پر اتنا اثر نہیں پڑا۔لیکن اس صورت حال پر سوچا جانا چاہیے ۔ کوٹلہ کے وکٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر سمیع نے کہا کہ جیسا سوچا تھا ویسا وکٹ ہمیں نہیں مل پایا۔لیکن اس میدان پر ہندستانی گیند بازوں کے لیے ایک اچھی بات یہ رہی کہ ہمیں طویل اسپیل ڈالنے کو ملے ۔ عام طور پر ہندستانی فاسٹ بولر پہلے ایک اننگز میں 12۔15 اوور ہی ڈال پاتے تھے لیکن یہاں ہم نے طویل اسپیل ڈالے جس میں ہمیں اپنے دم خم کا بھی پتہ چلا۔سمیع نے سری لنکا کی پہلی اننگز میں اب تک 24 اور ایشانت نے 27 اوور ڈالے اور دونے ہی گیند بازوں نے دو دو وکٹ لئے ہیں۔ سلپ میں بہت کیچ چھوٹنے کے سوال پر سمیع نے کہا کہ کیچ ڈراپ ہونا کھیل کا ہی ایک حصہ ہے جس سے تیز گیند باز کو غصہ ضرور آتا ہے لیکن ہم ایک یونٹ کی طرح ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرتے رہتے ہیں۔ٹیم 100 اوورسے زیادہ فیلڈنگ کر چکی ہے اور سب نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی ہے ۔ اس میچ میں نتیجہ نکلنے کی امید پر فاسٹ بولر نے کہا کہ ہم نتائج کی توقع رکھتے ہیں اور آخری وقت تک فتح حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔