کرناٹک میں امیت شاہ کے داخلہ پر پابندی نہیں :ریڈی

بیلگاوی، 6دسمبر (یواین آئی ) کرناٹک کے وزیر داخلہ راما لنگاریڈی نے کہا ہے کہ بی جے پی یوتھ کارکنوں کو مبینہ اشتعال انگیز مشورہ دیئے جانے پر ریاست میں بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے داخلہ پر پابندی کی حکومت کوئی تجویز نہیں رکھتی۔ انہو ں نے مزید کہا ” شاہ کے داخلہ پر پابندی کی ریاستی حکومت تجویز نہیں رکھتی۔ یہ ایک جمہوری ملک ہے ۔ کوئی بھی ملک میں کہیں بھی جاسکتا ہے اور قیام کرسکتا ہے ۔ ” کرناٹک اسٹیٹ ریزرو پولیس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی سلامی لینے کے بعد میڈیا کے ایک نمائندہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہو ں نے کہا ”فرقہ وارانہ احساسات کو اکسانے کے لئے پارٹی کارکنوں کو اشتعال دلانا مرکز کی حکمراں جماعت کے قومی صدر کو زیب نہیں دیتا۔ ہم ان کے داخلہ پر پابندی نہیں لگائیں گے لیکن ان کو چاہئے کہ وہ ایسی سرگرمیو ں میں ملوث نہ ہوں جس سے سماجی ہم آہنگی متاثر ہو ۔ قانون تمام کے لئے یکساں ہے ۔ بی جے پی کے لیڈروں کو چاہئے کہ وہ اپنے رویے میں تبدیلی لائیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ لا اینڈ آرڈر کی برقراری اور امن کو یقینی بنانا پولیس کا فرض ہے ۔” ریڈی نے کہا کہ ہنسور کے ماسوا کسی بھی علاقہ میں لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ نہیں ہے جہاں بی جے پی کے لیڈر مجوزہ اسمبلی انتخابات سے پہلے ووٹ بینک کے لئے فرقہ وارانہ احساسات کو اکساتے ہوئے عوام کے جذبات سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈر دتا جینتی ‘ ہنومان جینتی اور دیگر مذہبی تقاریب کا غلط استعمال کررہے ہیں۔ بی جے پی ووٹ بینک کی سیاست کررہی ہے ۔