سلمان خان بیماری کے باوجود کام میں جٹ گئے

ممبئی،۷دسمبر(پی ایس آئی)بالی وڈ اداکار سلمان خان گلے کی خرابی اور وائرل بخار کے باوجود کام میں جتے ہوئے ہیں۔سلمان خان کو بالی وڈ کا سلطان بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ ان کی ناکام فلمیں بھی 150 کروڑ تک کی کمائی کرتی ہیں۔دبنگ خان اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی دوستی اور دریا دلی کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں لیکن اب وہ اپنی فلم ’وانٹڈ‘ کا ڈائیلاگ ’ایک بار جو میں نے کمٹمنٹ کردی اس کے بعدتومیں خودکی بھی نہیں سنتا ‘ پر عمل کررہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان گلے کے وائرل انفیکشن میں مبتلا ہیں جس کے باعث انہیں بولنے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے جب کہ اس کے ساتھ ساتھ انہیں بخار بھی ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔لیکن دبنگ خان نے اپنی کمٹمنٹ کے باعث بیماری کو پس پشت ڈال دیا ہے اور کئی پروجیکٹ میں مصروف ہیں۔سلمان خان کا ایوارڈ شو کی تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں وائرل بخار ہوگیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی آرام کا وقت نہیں مل رہا۔انہوں نے بتایا کہ وہ انٹر نیشنل فلم فیسٹول انڈیا (آئی ایف ایف آئی) میں شرکت کے لیے گوا گئے جہاں سے براستہ دہلی واپس آتے ہی ممبئی میں بگ باس اور ٹائیگر زندہ ہے کی وائس ریکارڈنگ میں مصروف ہوگئے۔سلمان خان کا گلہ اس قدر خراب ہے کہ انٹر نیشنل فلم فیسٹیول انڈیا اور ایوارڈ کی تقریب کے دوران بھی زیادہ بات نہیں کرپائے۔میڈیا کے مطابق سلمان خان ایڈوانس میں ہی کئی ایونٹ بک کرچکے ہیں اور ایسے میں ان کی جانب سے شیڈول میں تبدیلی پر کروڑوں کے نقصان کا اندیشہ ہے، یہی وجہ ہےکہ وہ بیماری کے باوجود کمٹمنٹ پوری کررہے ہیں۔یاد رہے کہ سلمان خان فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی تشہیری مہم اور ’ریس 3‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔