شاراپووا کے سابق کوچ سے تربیت لیں گی کونٹا

لندن، 07دسمبر (یواین آئی) برطانیہ کی نمبر ایک خاتون ٹینس کھلاڑی جوھانا کونٹا نے امریکہ کے مائیکل جوائس کو 2018 کے نئے سیشن کے لیے اپنا کوچ مقرر کیا ہے ۔ وہ اکتوبر میں اپنے کوچ بیلجیم کے ویم فیسیٹ سے الگ ہو گئی تھیں۔ 26 سال کی کونٹا کی سال 2017 میں کارکردگی بہترین رہی اور انہوں نے سڈنی انٹرنیشنل اور میامی اوپن میں خطاب جیتے اور کیر یئر کی بہترین رینکنگ پر پہنچ کر دنیا کی چوتھے نمبر کی کھلاڑی بن گئیں۔ لیکن آخری سیشن میں چوٹ کی وجہ سے وہ درجہ بندی میں پھسل گئی ہیں اور ڈبلیوٹی اے فائنلس میں جگہ نہیں بنا سکیں ۔ برطانوی ٹینس کھلاڑی نے امریکہ کے 44 سا لہ جوائس کو اپنا کوچ مقرر کیا ہے جو سابق نمبر ایک کھلاڑی ماریا شاراپووا کے کوچ رہ چکے ہیں اور انہیں دو گرینڈ سلیم تک پہنچانے میں مدد کی تھی۔ اس کے علاوہ وہ موجودہ سال میں وکٹوریہ ازا رینکا کی کوچنگ ٹیم کا بھی حصہ رہے ۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے ہی بیلاروسی کھلاڑی کا ساتھ چھوڑا ہے ۔کونٹا نے ایک بیان میں کہا ’میں بہت خوش ہوں کہ مائیکل جوائس کے ساتھ میں 2018 سیشن کا آغاز کروں گی۔مائیکل بہتر ین کوچ ہیں ۔ موجودہ سال کمال کا رہا تھا اور امید ہے کہ آگے کا سال اور بھی اچھا ہو گا۔ ‘برطانوی کھلاڑی اپنے نئے سیشن کا آغاز برسبین انٹرنیشنل سے کریں گی جو 31دسمبر سے کھیلا جائے گا۔اس کے علاوہ چیک جمہوریہ کی باربورا سٹراکووا نے ہم وطن ڈیوڈ کوٹجا کو اپنا نیا کوچ منتخب کیا ہے ۔ا سٹراکووا نے اکتوبر میں لنج اوپن میں خطاب جیتا تھا۔ وہ اس سال کوچ ٹامس کروپا سے الگ ہو گئی تھیں۔ 31 سالہ چیک کھلاڑی آکلینڈ کلاسک سے نئے سیشن کا آغاز کریں گی۔