شاہد آفریدی اور زرین خان کی جوڑی نے دھوم مچادی

کراچی،۰۱دسمبر(پی ایس آئی) پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑی شاہد آفریدی اور بالی ووڈ اداکارہ زرین خان نے ایک ساتھ اشتہار میں کام کیا ہے جس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے۔بالی ووڈ اداکارہ زرین خان کرکٹ کے میدانوں پر راج کرنے والے شاہد آفریدی کی بہت بڑی مداح ہیں اور شاہد آفریدی کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کئی بار کرچکی ہیں۔ اکتوبر میں دبئی میں ٹی 10 کرکٹ میلے کی فرنچائز ٹیموں کی لانچنگ تقریب کے دوران انہوں نے شاہد آفریدی کے لیے سب کے سامنے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ شروع سے ہی شاہد آفریدی کی بہت بڑی مداح ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ پختون فرنچائز کو سپورٹ کررہی ہیں۔حال ہی میں ایک ویڈیو جاری ہوئی ہے جس میں شاہد آفریدی اور زرین خان نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ زرین خان سرخ رنگ کی اسپو رٹس کار ڈرائیو کررہی ہیں اور اسی دوران بائیک پر سوار ایک شخص تیزی سے ان سے آگے نکل جاتا ہے ۔ دونوں کا ٹاکرا ایک فلنگ اسٹیشن پر ہوتا ہے جہاں زرین خان کو پتہ چلتا ہے کہ وہ شخص کوئی اور نہیں بلکہ شاہد آفریدی ہیں۔ ویڈیو میں زرین کہتی ہیں کہ ’انہیں پختون ہونے پر فخر ہے‘۔ ٹی 10 لیگ انتظا میہ نے یہ ویڈیو اپنے فیس بک پیج پر شیئر کی ہے جسے اب تک ہزاروں لوگ دیکھ اور پسند کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ شاہد آفریدی ٹی 10 لیگ کی پختون فرنچائز کے کپتان جب کہ زرین خان اس لیگ کی ایمبسیڈر ہیں۔