شاہ سلمان اور ولی عہد کی مصرمیں چرچ پرحملے کی شدید مذمت

ریاض،۰۳دسمبر(پی ایس آئی)سعودی عرب کی قیادت نے مصر کے شہر حلوان میں کل جمعہ کو ایک چرچ میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک برقی پیغام میں مصری صدر عبدا لفتاح السیسی سے مارمینا چرچ پر ہونے والے حملے کی مذمت کی جب کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر السیسی کو واقعے کے بعد فون کیا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو بھیجے گئے ایک برقی مراسلے میں مارمینا گرجا گھر پرحملے کی شدید مذمت کی ہے۔سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں مصری صدر سے کہا ہے کہ حلوان میں ایک عیسائی عبادت گاہ پر دہشت گردوں کےحملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر انہیں گہرا دکھ ہے۔ دہشت گردی کی اس مجرمانہ واردات کے خلاف سعودی عرب مصر کے ساتھ ہے۔ ہم مجرمانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جاری مصری کو ششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد جمہوریہ مصر کو عدم استحکام سے دوچار کرنا اور ملک میں مذہبی منافرت کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو ٹیلیفون کرکے حلوان میں دہشت گردی کی کارروائی کی شدید مذمت کی۔خیال رہے کہ جمعہ کے روز حلوان شہر میں قائم مارمینا گرجا گھر پر حملےمیں کم سے کم دس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ شدت پسند گروپ داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔