عالمی شہرت یافتہ فٹبالر ویا لائبیریا کا صدارتی الیکشن جیتنے میں کامیاب

مونورویا ، 30 دسمبر ( یو این آئی ) مغربی افریقی ملک لائبیریا کا صدارتی الیکشن جورج وِیّا نے جیت لیا ہے ۔ وِیّا عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی عمر 51برس ہے ۔ لائبیریا میں پہلی مرتبہ جمہوری روایات کے تحت اقتدار کی منتقلی کا عمل ایک قدم اور آگے بڑھ گیا ہے ۔ بین الاقوامی شہرت کے حامل فٹ بالر جارج وِیّا نے صدارتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ باوقار انداز میں جیت لیا ہے ۔ وہ براعظم افریقہ کی پہلی خاتون صدر ایلین جانسن سرلیف کی جگہ منصب صدارت سنبھالیں گے ۔ وِیّا سولہ جنوری سن 2018 کو اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے ۔ اس سابق فٹ بالر کو صدارتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں موجودہ نائب صدر جوزی بوکائی کا سامنا تھا۔ بوکائی نے الیکشن میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے ۔ جارج وِیّا کی سیاسی جماعت ‘کانگریس برائے جمہوری تبدیلی’ ہے اور اُس کے نوجوانوں کے شعبے کی نائب صدر جوزفین ڈیویز نے کہا کہ یہ جماعت گزشتہ بارہ برسوں سے اپوزیشن میں رہتے ہوئے کسی بڑی تبدیلی کی منتظر تھی اور وِیّا کی کامیابی لائبیریا کے لیے ایک سنگ میل ہے ۔ خود وِیّا نے بھی اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اب لائبیریا میں تبدیلی کا عمل شروع ہو گیا ہے ۔ جارج وِیّا سن 1990 کی دہائی میں یورپ کے مشہور فٹ بال کلبوں پیرس سینٹ جرمین اور اے سی میلان سے وابستہ رہے تھے ۔ وہ کچھ عرصے کے لیے برطانوی فٹ بال کلبوں چیلسی اور مانچسٹر سٹی کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اُن کو براعظم افریقہ کا پیلے بھی کہا جاتا ہے ۔ وِیّا تین مرتبہ افریقہ کے بہترین فٹ بالر کا اعزاز جیتنے کے علاوہ پہلے افریقی فٹ بالر تھے جنہیں سن 1990 میں دنیا کا بہترین فٹ بالر قرار دیا گیا تھا۔ وہ ایک فارورڈ کھلاڑی تھے اور میدان میں اُن کو کنگ جارج کی عرفیت سے پکارا جاتا تھا۔ جارج وِیّا کے صدارتی الیکشن جیتنے پر اندرون ملک عوام کی جانب سے مسرت کا بھرپور انداز میں اظہار کیا جا رہا ہے ۔ غیر ملکی سربراہان کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ شروع ہے ۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ لائبیریا کے عوام کے لیے ایک تاریخی موقع ہے ۔ لائبیریا کے متعلق یہ کہا جاتا ہے کہ اس کو آزاد ہونے والے امریکی غلاموں نے آباد کیا تھا۔ یہ پہلا افریقی ملک ہے جس نے 26 جولائی سن 1847 کو اپنی آزادی کا اعلان کیا تھا۔ یہی ملک براعظم افریقہ میں سب سے پرانی اور پہلی جمہوریہ بھی سمجھا جاتا ہے ۔