امریکہ کی 40 ریاستیں شدید سردی کی گرفت میں9 افراد ہلاک

0
8

واشنگٹن 3جنوری ( آئی این ایس انڈیا )حالیہ ہفتوں کے دوران امریکہ سخت سردی کی لپیٹ میں رہا ہے۔ موسم سرما کی شدت کے نتیجے میں اب تک کم از کم نو افراد ہلاک ہوچکے ہیں؛ جب کہ موسم میں مزید شدت آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔موسمیات کے قومی ادارے نے منگل کے روز 40 امریکی ریاستوں میں یخ بستہ ہوائیں چلنے اور سردی میں مزید اضافے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ایک ٹوئٹ میں ادارے نے کہا ہے کہ ”آرکٹک سے چلنے والی ہواو¿ں کے نتیجے میں عام درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بہت نیچے گر جائے گا، جس کے باعث آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے وسطی اور مشرقی علاقے میں خطرناک قسم کی سرد ہوائیں چلیں گی“۔وہ ریاستیں جہاں روایتی طور پر نسبتاً کم سردی پڑتی ہے، جن میں ٹیکساس، لوزیانہ، مسی سیپی اور الاباما شامل ہیں، وہاں بھی بدھ کے روز برف کی سخت تہ جمنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ الاباما کے شہر کلمن کے قریب علاقے میں درجہ حرارت منفی 13 ڈگری سیلشئیس، جب کہ الاباما کے دوسرے شہر، موبیل میں منفی سات سیلشئیس پر پہنچ چکا ہے۔ٹیکساس کے شہر آسٹن میں جو جنوب میں واقع ہے، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرنے کے بعد شاذ و نادر برف باری ہوئی، جس کے بعد شہر کے اہل کاروں نے گرم پناہ گاہیں قائم کی ہیں۔ جورجیا کے شہر، سوانا میں، جہاں جنوری میں درجہ حرارت 16 درجے سیلشئیس رہتا ہے، منگل کے روز دوپہر کے وقت درجہ حرارت منفی ایک سیلشئیس تک جا پہنچا ہے۔درجہ حرارت منفی نقطہ پر گرنے کے بعد ملک کے اسپتالوں میں سردی اور اسی طرح کی دیگر بیماریوں میں مبتلہ افراد ایمرجنسی میں طبی امداد کے لیے پہنچ رہے ہیں۔