انگلینڈ نے آسٹریلیا سے دوسرا ون ڈے بھی جیتا

0
44

برسبین، 19 جنوری (یو این آئی) انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کے بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں جمعہ کو چار وکٹ سے جیت دلاتے ہوئے پانچ میچوں کی سیریز میں 2۔0 کی برتری دلا دی۔ آسٹریلوی بلے باز آرون فنچ کی مسلسل دوسرے میچ میں سنچری سے میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوور میں نو وکٹ پر 270 رن کا مضبوط اسکور بنایا لیکن بولر پھر اس اسکور کا دفاع نہیں کر سکے اور انگلینڈ نے 44.2 اوور میں چھ وکٹ پر 274 رن بنا کر جیت اپنے نام کر لی۔ انگلینڈ کی اننگز میں اس کے اوپننگ بلے بازوں نے اہم کردار ادا کیا جس میں جانی بیرسٹو نے 60،ا یلیکس ہیلز نے 57، جو روٹ نے ناٹ آ¶ٹ 46 رنز کی اہم اننگز کھیلی جبکہ مڈل آرڈر کے بلے باز جوز بٹلر نے 42 رنز اور کرس ووکس نے ناٹ آ¶ٹ 39 رنز بنائے ۔بیرسٹو نے ہیلز کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 117 رن کی شراکت بھی کی۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک 59 رنز پر چار وکٹ لے کر سب سے کامیاب رہے ۔ اس سے پہلے فنچ نے آسٹریلیا کے لیے پہلے میچ میں 107 رنز کی اننگز کے بعد دوسرے میچ میں بھی فارم دکھاتے ہوئے 106 رن بنائے لیکن اپنی ٹیم کو مسلسل دوسرے میچ میں جیت نہیں دلا سکے ۔آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 35 اور مڈل آرڈر میں مشیل مارش نے 36 رن بنائے ۔انگلینڈ کے لیے عادل راشد اور روٹ نے دو دو وکٹ نکالے ۔روٹ مین آف دی میچ بنے ۔ آسٹریلیا کو اب سڈنی میں تیسرے ون ڈے میں سریز بچانے کے لئے کرو یا مرو کے میچ میں اترنا ہوگا۔آسٹریلیا نے اس سے پہلے ایشیز 4۔0 سے جیتی تھی۔