عامر خان، سیف کی فلم ’کالاکاندی‘ سے متاثر

0
36

ممبئی،15جنوری(پی ایس آئی)بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کہے جانے والے اداکار عامر خان اگر کسی فلم کی تعریف کردیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ فلم واقعی بہترین ہے۔سیف علی خان کی فلم ’کالاکاندی‘آج (12 جنوری کو) ریلیز ہوئی ہے جس کی تعریفوں کے پل عامر خان نے دو دن قبل ہی باندھ دیے تھے۔ویسے تو بالی وڈ کے دیگر اداکاروں کی نسبت عامر خان سوشل میڈیا پر کم ہی نظر آتے ہیں اور اگر ایسا اتفاق ہو بھی جائے تو وہ کوئی خاص بات ضرور کرتے ہیں اور اگر کسی کی تعریف کردیں تو کیا ہی بات ہے۔عامر خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے فلم ’کالاکاندی‘ کی تعریف کی اور سیف علی خان کی اداکاری کو بھی سراہا۔مسٹر پرفیکشنسٹ نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’فلم ’کالاکاندی‘ ایک بہترین مزاحیہ فلم ہے جو طویل عرصہ بعد دیکھنے کو ملی ہے، میں نے فلم ’دہلی بیلی‘ کا اسکرپٹ پڑھا تھا اور میں اب تک اتنا کبھی نہیں ہنسا‘۔عامر خان نے اپنی ٹوئیٹ میں فلم میں شامل اداکاروں کے کام کو سراہتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ ’سب کی اداکاری بے حد پسند آئی، سیف علی خان نے زبردست اداکاری کی ہے اور اکشت کے ڈبیو پر فخر ہے‘۔علاوہ ازیں انہوں نے تمام مداحوں سے فلم ’کالاکاندی‘ ضرور دیکھنے کو بھی کہا۔فلم ’کالاکاندی‘ کے ہدایت کار اکشت ورما ہیں جو اس سے قبل فلم ’دہلی بیلی‘ کے فلم نویس تھے۔