fifa 2

فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی لاہور آمد

لاہور ، 12 جنوری (یو این آئی)پاکستان تو فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کر سکا لیکن ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان آرہی ہے ۔ فروری کے پہلے ہفتے میں فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی لاہور پہنچے گی جسے شہر کے دو، تین مقامات کا دورہ کرایا جائے گا۔ سیاسی مداخلت کے باعث فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) پر پابندی عائد کر رکھی ہے ، اس لیے ٹرافی کے دورے کا فیڈریشن سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ٹرافی 3 فروری کو لاہور پہنچے گی تاہم دورے کے مقامات کا ابھی تعین نہیں کیا گیا۔ایک روزہ دورے کے بعد ٹرافی قازقستان روانہ ہوجائے گی۔ورلڈ کپ 2018 کی ٹرافی نے ستمبر 2017 میں روس سے اپنا ٹور شروع کیا، اور یہ 50 ملکوں سے ہوتی ہوئی مئی 2018 میں پھر سے روس پہنچے گی۔ واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی یہ ٹرافی 1974 میں متعارف کرائی گئی تھی، چھ کلو گرام وزنی اس ٹرافی کو اٹھارہ قیراط سونے سے تیار کیا جاتا ہے ۔فیفا ورلڈ کپ 14 جون سے روس میں شروع ہوگا جس میں 32 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں