افغانستان کا اپنی ٹی-20لیگ متعارف کرانے کا اعلان

کابل ، 12 جنوری (یو این آئی) کرکٹ میں تیزی سے ترقی کرنے والے خانہ جنگی سے متاثرہ ملک افغانستان نے ایک اور اہم پیشرفت کرتے ہوئے اپنی ٹی20 لیگ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے اور اکتوبر 2018 میں افغانستان پریمیئر لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو شفیق استنکزئی نے جمعرات کو مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر 2018 میں ہونے والی لیگ میں پانچ ٹیموں کے درمیان 23 میچ کھیلے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کرے گا لیکن ابھی ہم نے فیصلہ نہیں کیا کہ کن شہروں میں میچ منعقد کیے جائیں گے ۔ افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے انکشاف کیا کہ پانچ ٹیموں کیلئے کھلاڑیوں کی خریداری کا عمل مارچ میں ہو گا جس میں 40 غیر ملکی کرکٹرز نے دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیگ وسیع پیمانے پر منعقد ہو گی جہاں ہمارا مقصد دنیا کی صف اول کی تین بڑی لیگ میں شمولیت ہے ۔اس لیگ کے اعلان کے بعد اگر نئے سال کے کیلنڈر پر نظر دوڑائی جائے تو سوائے ایک مہینے کے ، سال کے گیارہ مہینے ٹی20 لیگ کھیلیں جائیں گی۔ گزشتہ سال دسمبر میں شروع ہونے والی آسٹریلین بگ بیش اور نیوزی لینڈ کی سپر اسمیش ابھی جاری ہیں جبکہ فروری اور مارچ میں پاکستان سپر لیگ کھیلی جائے گی۔ سال کی سب سے بڑی انڈین پریمیئر لیگ اپریل اور مئی میں کھیلی جائے گی جس کے بعد جون کے مہینے میں کوئی لیگ شیڈول نہیں ہے ۔ جولائی، اگست اور ستمبر میں انگلینڈ کی ٹی20 بلاسٹ کھیلی جائے گی، اکتوبر میں افغان پریمیئر لیگ جبکہ نومبر اور دسمبر میں جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کی لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔