اہم شاہراہوں پر کیمرے اور نمبر پلیٹ ریڈنگ مشین لگائی جائے:نتیش

پٹنہ 03 جنوری (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں آج ان کی سرکاری رہائش گاہ ایک انے مارگ کے نیک سنواد میں محکمہ پولس کی اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں وزیراعلیٰ کے سامنے محکمہ کا پرزنٹیشن پیش کیا گیا۔ گذشتہ 21 دسمبر کو بھی جائزہ میٹنگ ہوئی تھی۔ اس میٹنگ میں وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق آج کی میٹنگ میں خاص طور سے نشہ بندی اور تھانہ وار جرائم سے متعلق موضوعات پر غور کیا گیا۔ نشہ بندی کے سلسلے میں پیش پرزنٹیشن میں2017کے دوران کیس میں تین گنا اضافے کی اطلاع دی گئی۔ ساتھ ہی ساتھ گرفتاری میں بھی چار گنا اضافے کی بات کہی گئی۔ ملکی اور غیر ملکی شراب کی برآمدگی میںبھی کئی گنا اضافہ ہوا۔میٹنگ میں اہم سڑکوں پر سی سی ٹی وی کیمرے، آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریڈنگ لگانے پر بھی بات ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جن اہم شاہراہوں پر یہ ضروری ہے اس کا تجزیہ کرکے اسے لگوایا جائے۔ اس سے نشہ بندی کے علاوہ جرائم پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر گاﺅںمیں ٹرانسفرمر والے کھمبے پر پولس اور آبکاری اور نشہ بندی محکمہ کا نمبر درج کیا جائے۔ اس میں شکایت کرنے والے کے نام کا اظہار نہیں ہوگا۔ شکایت کرنے والے کے فون آنے پر فوری کارروائی ہو۔ کارروائی کیلئے رسپانس ٹائم بھی مقرر ہو۔ اطلاعاتی نظام میں چوکیدار کو بھی شامل کیا جائے اور چوکیدار کو بھی جواب دہ بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ناجائز طریقے سے شراب کے کاروبار کرنے والوں میں فرنٹ کی گرفتاری تو ہوجاتی ہے لیکن کنگ پن نہیں پکڑے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ناجائز تجارت میں شامل بڑے مافیاﺅں کو پکڑنا ہوگا اور ان کے سارے سسٹم کو تباہ کرنا ہوگا۔ اگر 10-20 بڑے سپلائر پکڑے گئے تو یہ غیر قانونی دھندہ خود ہی ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سماجی اصلاح کا اہم پوائنٹ ہے۔ پرزنٹیشن کا معائنہ کرنے کے بعد وزیراعلیٰ نے کہا کہ جرائم پر کنٹرول کیلئے سبھی ضلعوں کے جرائم متاثرہ تھانوں کی شناخت ہوچکی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جرائم پر کنٹرول کیلئے سی آئی ڈی محکمہ کے ذریعہ جمع کئے گئے ڈاٹا کومتعلقہ ضلعوں میں بھیج کر ایس پی سے اس سلسلے میں کی گئی کارروائی کی جانکاری حاصل کی جائے۔ میٹنگ میں ڈی جی پی پی کے ٹھاکر، ڈلپمنٹ کمشنر ششر سنہا، پرنسپل سکریٹری داخلہ اور نشہ بندی عامر سبحانی ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری چنچل کمار، سکریٹری آتیش چندرا اور منیش کمار ورما بھی موجود تھے۔