تین طلاق بل مخصوص فرقہ سے بدلہ لینے کی سازش:موئلی

نئی دہلی،3جنوری(یواین آئی) کانگریس رکن پارلیمنٹ ویرپپا موئلی نے تین طلاق سے متعلق بل کے سلسلے میں مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے آج الزام لگایا کہ اس کے پیچھے اس کا اصلی مقصد مسلم خواتین کو انصاف دلانا نہیں بلکہ ایک خاص فرقے سے بدلہ لینا ہے ۔مسٹر موئلی نے یہاں پارلیمنٹ ہا¶س کے احاطے میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ کانگریس تین طلاق سے متعلق بل کے خلاف نہیں ہے اور وہ صنفی مساوات کے حق میں ہے لیکن وہ شادی سے متعلق دیوانی معاملات کو جرم کے زمرے میں ڈالنے کی مخالف ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بل دوسروں کی پریشانی سے خوش ہونے کی منفی ذہنیت کا آئینہ دار ہے ۔سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ کانگریس اس بل کو سلیکٹ کمیٹی میں بھیجنے کا مطالبہ کررہی ہے کیونکہ وہاں مختلف توضیعات پر جمہوری طریقے سے غورکیا جاتا ہے جبکہ ایوان میں سیاسی وجوہات سے ایسا نہیں ہوپاتا۔انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت اس کے لئے تیار نہیں ہورہی ہے کیونکہ اس کا پارلیمانی جمہوریت پریقین نہیں ہے اور وہ من مانے طریقے سے اسے منظور کرانا چاہتی ہے ۔یہ پوچھے جانے پر کہ کانگریس نے لوک سبھا نے اس بل میں ترمیم پیش کیوں نہیں کی،مسٹر موئلی نے کہا کہ ایسا کرنے پر ہم پر بے وجہ یہ الزام لگایا جاتا کہ ہم خواتین کے خلاف ہیں۔