روس کا شام میں فوجی اڈوں کو ڈرون سے نشانہ بنائے جانے کا اعتراف

ماسکو/دمشق،۹جنوری(پی ایس آئی)روسی وزارت دفاع نے اعتراف کیا ہے کہ شام میں اس کے فوجی اڈوں پر بغیر پائلٹ کے ڈرون طیاروں کے ذریعے حملے کئے گئے ہیں۔روسی وزارت دفاع کی طرف سے یہ اعتراف ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب حال ہی میں روسی فوج کی طرف سے جاری کردہ رپور ٹس میں بھی شام میں فوجی اڈوں کو نشا نہ بنائے جانے کا اعتراف کیا گیا تھا ۔روسی خبر رساں ادارے ’انٹر فیکس‘ کے مطابق وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے 10 ڈرون طیارے حمیمیم فو جی اڈے اور 3 طیارے طرطوس کے فوجی اڈے پر حملوں کے لیے بھیجے جن کے ذریعے بم گرائے گئے تھے تاہم ان حملوں میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ خیال رہے کہ خبر رساں ادارے ’طاس‘ نے روسی وزا رت دفاع کے حوالے سے ایک بیان نقل کیا تھا جس میں شام میں ایک روسی فوجی اڈے پر سات جنگی طیاروں کے تباہ کیے جانے کی خبروں کی تردید کی گئی تھی۔ اخبار کومرسنٹ کے مطابق 31 دسبر کو حمیمیم فوجی اڈے پر شامی اپوزیشن کی طرف سے حملہ کیا گیا جس میں ہوائی اڈے پر کھڑے سات جنگی جہاز تباہ ہوگئے تھے۔