سعودی عدالت سے داعش کے حمایتی کو 10 سال قید

ریاض 4جنوری ( آئی این ایس انڈیا )سعودی عرب کی ایک خصوصی فوجی عدالت نے شدت پسند گروپ ’داعش‘ کی حمایت کرنے اور ریاست وحکومت کا غیر اسلامی چلن اختیار کرنے کے جرم میں دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔ ذرائع کے مطابق سزا پانے والے ملزم کا تعلق سعودی عرب سے ہے۔ ملزم کے خلاف خلاف پیش کردہ فرد جرم میں الزام عاید کیا گیا ہے کہ ملزم کتاب وسنت اوراجماع امت کے منہج کے برعکس تکفیری نظریے پر کام کررہا تھا۔اس نے دہشت گرد گروپ داعش کی بھی حمایت کی۔ داعش سے وابستہ بعض عناصر کے ساتھ اس کی ملاقاتیں بھی رہی ہیں اور لوگوں کو داعش سے ہمدردی کر نے کی ترغیب دیتا رہا ہے۔ اس نے داعشی شدت پسندوں کے بارے میں معلومات سیکیورٹی اداروں تک نہ پہنچانے کا بھی عہد کیا تھا۔